|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2020

کو ئٹہ: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ نے کورونا کے باعث آج 26نومبر سے سکولوں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تاہم پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے سکول بند کرنے سے انکار کرتے ہوئے 15دسمبر تک سکول کھولنے اور امتحانات لینے کی ٹھان لی ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کرئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 26نومبر 2020سے 28فروری 2021تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی یکم مارچ 2021سے باقاعدہ سکولوں میں درس و تدریس کا عمل شروع ہوگا۔

10مارچ 2021سے سالانہ امتحانات برائے سال 2020ء منعقد ہوں گے جس بابت 25نومبر کو ہی طلباء و طالبات کو ڈیٹ شیٹ اور سمارٹ سلیبس فراہم کی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ آفیسرایجوکیشن اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (میل /فی میل)کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے تمام ماتحت سکولوں کے حاضری رجسٹر کی تصدیق شدہ فوٹو کاپیاں دفتر ہذا بذریعہ مراسلہ ارسال کریں۔

اور تمام پرنسپلز وہائی سکول ہیڈز(میل /فی میل) اپنے سکولوں کی حاضری رجسٹر کی تصدیق شدہ فوٹو کاپی دفتر ہذا کو رسال کریں۔ دوسری جانب پرائیویٹ سکولز گرینڈ الائنس کے نذر بڑیچ نے نجی تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15دسمبر تک نجی سکول کھلے رہیں گے اور سالانہ امتحانات لئے جائیں گے۔