ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف آل پارٹیز کی جانب سے احتجاجی ریلی نکال کر قومی شاہراہ پر دھرنا دیا گیا آل پارٹیز کے کارکنوں نے بس اسٹینڈ سے ایک پر امن ریلی نکال کر شہر کے مختلف راستوں سے مارچ کرتے ہوئے مزدور چوک پر پہنچ کر دھرنا دیا جسکے باعث سندھ بلوچستان کی ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالمجید بادینی حاجی میوہ خان کھوسہ احسان احمد کھوسہ حافظ میر دوست عبدالرسول بلوچ ودیگر کا کہنا تھا کہ پولیس شہر میں امن امان بحال کرنے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
عوام اور تاجر عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں آئے روز شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں رونما ہو رہی ہیں انکا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں نااہل پولیس افسران کو تھانوں میں تعینات کیا گیا ہے پولیس افسران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے بجائے بااثر افراد کی خوشنودی حاصل کرنے اور جرائم پیشہ افراد کے سہولتکار بنے ہوئے ہیں مقررین نے کہا کہ آج بروز جمعہ آل پارٹیز کا ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائیگا شہر میں بدامنی پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے پولیس تھانوں میں اہل افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ عوام اور تاجر سکون کی نیند سو سکیں۔