|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2020

کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے جمعرات کے روز فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر نور اللہ موسی خیل نے اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کو کورونا سے نمٹنے کے لئے ہسپتال میں موجود انتظامات سے آگاہ کیا ڈاکٹر نور اللہ موسی خیل نے کہا کہ اس وقت ہسپتال کی سب سے بڑی ضرورت آکسیجن جنریٹنگ پلانٹ ہے کیونکہ اب تک ہسپتال میں سلینڈرز استعمال کئے جارہے ہیں۔

اس موقع پرمیر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال کی سب سے بڑی ضرورت آکسیجن جنریٹنگ پلانٹ ہے لہذا صوبائی حکومت موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہسپتال کو جلد از جلد آکسیجن جنریٹنگ پلانٹ فراہم کرے تاکہ کرونا کے دوسری شدید لہر سے نمٹنے کے لئے ہسپتال انتظامیہ مکمل طور پر تیار رہیں جدید دور میں آکسیجن سیلنڈرز سسٹم آئٹ ڈیٹ ہو گئے ہیں۔

لیکن بدقسمتی سے فاطمہ جناح ہسپتال میں آج بھی آکسیجن سیلنڈرز سسٹم سے کام لیا جا رہا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ ہسپتال میں موجود مریضوں کے علاج میں آسانی تب ہی ہو گی جب ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ اور ایچ آر سی ٹی جیسے سہولیات بھی موجود ہونگے انھوں نے مزید کہا کہ چیسٹ سے متعلق دیگر بیماریوں کے دوائیوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنائی جائے اور ہسپتال کے موجودہ دوائیوں کے کوٹہ کو بھی بڑھایا جائے۔

انہوں نے حکومتی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ محکمہ صحت میں مزید اصلاحات لانے کی ضرورت ہے اسپیکر نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز نے کرونا سے نمٹنے کے لئے جس دلیری سے اب تک کام کیا ہے وقت کی ضرورت ہے کہ انکی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انکی مالی معاونت بھی کی جائے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹرز کو چار اعزازیہ دی جائے اگر انھیں چار اعزازیہ نہیں دی جاسکتی تو انکے لئے اعلان کردہ ان کے دو اعزازیہ انھیں دی جائے۔

کیونکہ ڈاکٹرز نے اپنی جان کی پرواہ کئیے بغیر اور محدود سہولیات میں بہترین انداز میں اپنے فرائض انجام دئیے ہیں انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کے کام کو سراتے ہوئے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کورونا سے نمٹنے کے لئے اقدامات قابل تحسین ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایم ایس، ڈاکٹرز، نرسز، ٹیکنیکل اسٹاف اور پیرامیڈکس جس بہتر انداز میں اپنے کام کو سرانجام دے رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے ہسپتال میں موجود نئے بلڈنگ اور آئی سی یو وارڈز کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال کی صفائی و ستھرائی کو بھی سرایا۔