|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ تعلیم سے دورسماج میں استحصال کا راج ہوتا ہے، ہماری آئندہ نسلوں کی بقاعلم وکتاب سے منسلک ہونے میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سراوان ہاس کوئٹہ میں بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کی لائبریری کے منتظمین کو بلوچستان پیس فورم کی جانب سے کتابیں دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین بلوچستان پیس فورم ظفر صدیق ودیگر بھی موجود تھے۔ قلعہ عبداللہ کی لائبریری کے منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ جس ملک اور سرزمین پر علم کی کمی ہو وہاں پر ہر قسم کے ذہنی امراض، کرپشن، غلامی اور استحصال کا راج ہوتا ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاعلم وکتاب سے منسلک ہونے میں ہے،علم وکتاب کے ذریعے ہی ہم ایک آزاد فضامیں باوقار قوم کی حیثیت سے اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی ہم نے اپنے آپ کو کتاب سے منسلک نہیں کیا تو آئندہ بھی ہمارا استحصال ہوتا رہیگاجس طرح سے گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ اس موقع پر قلعہ عبداللہ کی لائبریری کے منتظمین نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے عطیہ کردہ کتابوں سے لائبریری کے استعدکار میں اضافہ ہوگا منتظمین نے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کو لائبریری کے دورہ کی بھی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔