کراچی: بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کتاب کاروان کے ساتھی ” سنگت فیروز بلوچ ” کے نام سے اپنے بک ڈونیشن کیمپ کا اعلان کر چکا ہے ، اس سلسلے میں بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کراچی زون نے ملیر کے مختلف علاقوں میں چار روزہ کیمپ کا انعقاد کیا – کتاب کارواں کے ساتھیوں نے اپنے چار روزہ کمپئین کا آغاز 21 نومبر کو جلال مراد فٹبال کلب شرافی گوٹھ سے کیا۔
بعد ازاں 22 نومبر کو” ملیر اولڈ تھانہ ” ، 23 نومبر ” ہنٹر فٹبال گراؤنڈ کوئی گوٹھ ” ، اور 25 نومبر کو ” صدیق گوٹھ ” میں کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ملیر کے عوام نے بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے کتاب کارواں کے ساتھیوں کو کامیاب کمپئین چلانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے عمل سے نہ صرف بلوچستان میں لائبریریوں کا قیام ممکن ہوگا بلکہ بلوچ نوجوانوں میں کتاب و علم دوستی کا رجحان پیدا ہوگا۔
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کراچی زون، ملیر کے ان تمام طلباء ، اساتذہ اور دیگر قوم دوست و علم دوست شخصیات کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے کیمپ لگانے سے لیکر کتاب اور کتابوں کے لیے فائنانس عطیہ کرنے تک کتاب کارواں کے ساتھیوں کا بھرپور ساتھ دیا۔
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کراچی زون اپنے اگلے بک ڈونیشن کیمپ کا انعقاد لیاری میں کرے گا۔ جس میں ہم طلباء وطالبات سمیت دیگر طبقہ ہائے فکر کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس کارواں کا حصہ بنیں تاکہ ہم اپنی لائبریریوں کو مزید بہتری کی جانب لے جا سکیں ۔