کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغرکی زیر صدارت کرونا وائرس کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کی مساجد میں علماء کرام ایس او پیز سے متعلق عوام میں آگاہی مہم اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، ایڈیشنل آئی جی پولیس جہانزیب جوگیزئی، ایڈیشنل سیکرٹری صحت طارق الرحمن، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی دنیا بھر میں دوسری لہر انتہائی خطرناک ہے اور ملک میں بھی کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے معاشرے کے ہر فرد پر یہ اخلاقی و دینی زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت کی طرف سے دئیے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور ایس او پیز کو فالو کرنا ہی کورونا سے نجات حاصل کرنے کا واحد حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کورونا کے روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے جس کیلئے صوبائی حکومت ہسپتالوں کو ایمبولینسز، وینٹی لیٹرز اور ادویات فراہم کررہی ہے جبکہ عوام بھی اس بیماری کو سنجیدہ لیں اور وائرس کیخلاف لڑنے میں حکومت کیساتھ تعاون کریں تب جاکر اس وائرس کو شکست دینے میں ہم کامیاب ہو جائیں گے انہوں نے ہدایت کی کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر شاپنگ مالز، شادی ہالز اور دکانوں کو سیل کیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام بھی اس جنگ میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ علماء کرام معاشرے کا اہم جز ہیں۔ اور مساجد خصوصا جمعہ کے خطبہ میں عوام میں ماسک لگانے، ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلہ رکھنے سے متعلق شعور اجاگر کریں اور یہ بھی یقینی بنائیں کہ لوگ بغیر ماسک کے نماز نہ پڑھیں کیونکہ یہ بیماری ایک دوسرے سے پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن اور ضلعی سطح پر اس طرح کے اجلاس منعقد کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے خلاف اللہ کی مغفرت اور مدد کے لیے Friday جمعہ کے روز صوبے بھر میں ‘یوم استغفار’ منائیں گے تاکہ اللہ اس بیماری سے ہمیں اور ملک کو محفوظ رکھیں۔ اس موقع پر علماء کرام نے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے لوگوں میں شعوری طوراور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دینے کی یقین دہانی کروائی۔