خضدار: بی این پی (عوامی) نے پارٹی رہنماء اور ان کے جوانسال فرزند کے قتل کو پارٹی کے لئے سانحہ قرار دیتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا، اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارٹی رہنماء ماسٹر احمد علی موسیانی اور سعیداحمد موسیانی کے بہیمانہ قتل میں ملوث قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لا کر اپنی ذمہ داری نبہائے ورنہ سخت احتجاجی لائحہ عمل کا شیڈول دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)خضدار کے صدر ڈاکٹر محمد عمران میروانی جنرل سیکریٹری صدام بلوچ اور سینیٹرل کمیٹی کے ممبر غلام حسین بلوچ نے پارٹی کے دیگر اراکین و رہنماؤں کے ہمراہ خضدار پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ روز خضدار میں پارٹی کے دیرینہ رہنماء ماسٹر احمد علی موسیانی اور سعیداحمد موسیانی کو مسلح افرادنے خضدار سٹی کے علاقہ سات مرحلہ میں۔
ان کی دکان میں گھس کر بڑی بے دردی سے قتل کردیا اور بلاخوف و خطر قاتل وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہے جس میں ایک سیاسی ورکر کو پیران سالی کی عمر میں ان کے بیٹے سمیت فائرنگ کرکے قتل کردیا اور قاتل فرار ہوئے۔ چونکہ ہم کافی عرصہ سے یہ خدشہ محسوس کررہے تھے کہ خضدار میں حالات ایک بار پھر خرابی کی جانب جارہے ہیں۔
اس حوالے سے انتظامیہ اور پولیس کی کار کردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں کہ کچھ عرصہ قبل خضدار میں تشدد اور قتل عام کے بعد جو امن قائم ہوا تھا اس کو برقرار رکھنے میں سستی اورغفلت برتی جارہی ہے اور ہمارے اس خدشے کو اس وقت تقویب ملی جب گزشتہ روز ماسٹر احمد علی موسیانی اور ان کے فرزند سعیداحمد موسیانی کو قاتلوں نے قتل کرکے چلتا بنے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی (عوامی) خضدار کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بی این پی (عومی) یہاں کے لوگوں میں مقبولیت حاصل کرتی جارہی ہے اور سیاسی میدان میں کامیابی کے منازل طے کررہی ہے ایسے موقع پراس طرح کے واقعہ کا پیش آنا پارٹی کارکنوں کے حوصلوں اور جذبوں کو متاثر کرنے کی ایک ناکام کوشش بھی ہے تاہم پارٹی ورکرزکے جذبے کسی بھی طرح متاثر نہیں ہونگے۔
اور نہ ہی ان کے حوصلے پست ہونگے بلکہ ہم پارٹی رہنماؤں کے قتل ملوث قاتلوں کی گرفتاری تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔ ماسٹر احمد علی موسیانی اور ان کے فرزند سعیداحمد موسیانی کا قتل پارٹی کے لئے یقینا ناقابل تلافی نقصان ہے تاہم بی این اپی عوامی کے کارکن ان کی کاز اور جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی (عوامی) کے رہنماؤں نے کہاکہ ہم اس قتل پر کسی بھی طرح خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
آج ہم تین روزہ سوگ کا اعلان کررہے ہیں اور حکومت و مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طو رپر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائیں اور خضدار میں کچھ عرصہ سے جو بد امنی اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اس پر قابو پانی کی کوشش کی جائے، خضدار کے لوگوں نے بہت زیادہ درد و غم برداشت کیا ہے اور بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے۔
وہ ایک بار پھر اس طرح کے نقصان برداشت کرنے کے کسی بھی طرح متحمل نہیں ہوسکتے ہیں لہذا حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ و ہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے اپنا کردار نبہائے اور عوام کو تحفظ کا احساس دلائے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بی این پی (عوامی) کے رہنماء ماسٹر احمد علی موسیانی اور ان کے فرزند سعیداحمد موسیانی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائیں ورنہ ہم اپنے آئندہ کا سخت لائحہ عمل دے کر سخت احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔