|

وقتِ اشاعت :   November 29 – 2020

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترجمان سردارسربلند جوگیزئی نے ملتان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم گیلانی سمیت پی ڈی ایم کے سینکڑوں کارکنوں کی گرفتاریوں اور لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان جلسے سے قبل پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کی گرفتاریاں اور تشدد شرمناک اور قابل مذمت عمل ہے۔

پیپلز پارٹی کے جیالوں اور قائدین کو تشدد،گرفتاریوں اورجیلوں سے اپنی سیاسی جدوجہد سے دستبردارنہیں کیاجاسکتا آج ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہوکر رہے گا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی طرف سے پورے ملک میں عوامی جلسوں کا سلسلہ شروع ہے، گوجرانوالہ، کراچی، کوئٹہ اور پشاورکے بعد آج 30نومبر کو ملتان میں ایک عظیم الشان جلسہ ہونے جارہا ہے۔

لیکن یہاں کی حکومت اور انتظامیہ کی طرف سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں ملتان سمیت پنجاب بھر میں پیپلز پارٹی اورپی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے عہدیداروں اورکارکنوں کے گھروں پرچھاپے مارکر انہیں گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا جارہا ہے۔ترجمان نے کہاکہ ملتان میں قاسم گیلانی سمیت سیا سی کارکنو ں کی گر فتاریاں اور تشدد حکومتی بو کھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔

نااہل سلیکٹڈ جعلی حکمرانو ں نے ملتان میں اپوز یشن جماعتو ں کیخلا ف ر یا ستی جبر اور طا قت کامظاہرہ کر کے بد تر ین آ مر یت کا ثبو ت فراہم کیاپیپلزپارٹی کے عہدیداروں اور جیالوں کو تشدد،جھوٹے مقدمات اورگرفتاریوں سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔

ترجمان نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کے زیراہتمام ملتان میں ہونے والے جلسے میں کارکن ہر رکاوٹ توڑ کر جلسہ گاہ پہنچیں گے اور جلسے کو کامیاب کریں گے۔ترجمان نے مطالبہ کیا کہ قاسم گیلانی سمیت دیگر سیاسی کارکنوں کو فوری طور پر رہا اوران پر درج جھوٹے مقدمات واپس لئے جائیں۔