کوئٹہ: جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنماء سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرلیں تشدد اور گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں ملتان جلسہ ہرحال میں ہو کررہے گی جلسے سے قبل پی ڈی ایم کے کارکنوں پر تشدد اور گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ہواس باختہ حکومت نے اپنارویہ نہ بدلا تو دمادم مست قلندر ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز تحصیل جلال پور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر جمعیت علمااسلام ضلع ملتان کے ضلعی امیر مولاناایاز الحق قاسمی اور دیگر رہنمابھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سلیکٹیڈ حکومت سے این آر او کی کوئی ضرورت نہیں قابض اور ناجائز حکومت کرونا کی آڑ میں خود این آر او کی بھیک مانگ رہی ہے انہیں مزید مہلت دینا ملک وقوم کے ساتھ زیادتی ہوگی ناترس حکمرانوں کی ناترسی کی وجہ سے لوگ کرونا سے قبل حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والی حکومت نے گزشتہ دو سال میں لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا ملک پر مسلط نااہلوں کی تمام پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں ملکی تاریخ میں ایسا تھوک چاٹ نمونہ نہ پہلے گزرا ہے۔
نہ آئندہ گزرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں اور دعووں سے مکرنے والے وعدہ خلاف اور جھوٹے حکمران ملک کی بقا واستحکام کیلئے زہر قاتل ہے ان سے ملک و قوم کو نجات دلاکر ہی دم لیں گے۔