|

وقتِ اشاعت :   November 30 – 2020

اوتھل: سیکرٹری لائیواسٹاک بلوچستان محمد طیب لہڑی نے کہاہے کہ محکمہ لائیواسٹاک میں بہتری کیلئے موثراقدامات کئے جارہے ہیں محکمہ لائیواسٹاک میں ادویات کا کوٹہ جو پہلے صرف 3کروڑ روپے تھااب بڑھاکریہ کوٹہ 37کروڑ روپے کردیا گیاہے جس سے صوبہ بھر میں جانوروں کو مفت علاج کی سہولیات میسرہونگی،وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان صوبے بھر میں محکمہ لائیواسٹاک کی بہتری چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے دورہ لسبیلہ کے موقع پر سرکٹ ہاؤس اوتھل میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضلع لسبیلہ میں مال مویشیوں کی افزائش نسل اور جانوروں کے مکمل علاج ومعالجہ کیلئے سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں لسبیلہ میں گیارہ لاکھ بکرے،دس لاکھ دمبے،39ہزاراونٹ اور ایک لاکھ پندرہ ہزار گائے موجود ہیں اور ان میں بریڈنگ اور کراس بریڈنگ کے ذریعے جانوروں کی بہترین نسل پیداکی پیداکی جائیگی۔

اور بہتر کوالٹی کے جانورپیداکرنے کیلئے مصنوعی تخم کے ذریعے بھی بہترین اور اعلیٰ کوالٹی کے جانورپیداکئے جائیں گے اسکے لیے اوتھل،بیلہ اور وندر میں سینٹر بنائے جائیں گے جبکہ حب میں پہلے سے موجودسینٹر کو مزید وسعت دی جائے گی انہوں نے کہاکہ جانوروں میں شرح اموات میں کمی اور جانوروں میں پائی جانے والی بیماریوں کا پتہ لگانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ بلوچستان میں دیگر علاقوں سے نسلی جانور بھی لائے جائیں گے تاکہ یہاں پر اعلیٰ کوالٹی کے جانور پیداکئے جاسکیں ملک بھرمیں اونٹ کے دودھ کی زیادہ مانگ ہے اونٹ کا دودھ زیادہ پیداکرکے اسے فروخت کرکے ذرمبادلہ کمایا جاسکتاہے اونٹ کے دودھ کی فروخت کیلئے ہم بہت جلد لسبیلہ یونیورسٹی سے ایم او یوسائن کریں گے۔

تاکہ لوگ اونٹ کا دودھ آسانی سے فروخت کرسکیں، طیب لہڑی نے کہاکہ ہم ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جو گھرگھرجاکر اونٹوں میں پائی جانے والی بیماریوں سے آگاہی لیں گے اور ان اونٹوں کا مکمل علاج کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ ٹیارو ڈیری فارم کے ادھورے کام کوجلد مکمل کرکے اسے فنکشنل کیاجائے گا۔