|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے ممتاز قبائلی سیاسی شخصیت اور بی این پی کے بانی رہنماء سردارزادہ میر غلام محمد خان ساتکزئی کو ان کی پہلی برسی کے کے موقع ان کے سیاسی، سماجی، قبائلی، علاقائی خدمات، جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج 2دسمبر کو سردارزادہ میر غلام محمد ساتکزئی مرحوم کی پہلی برسی ہے۔

مرحوم کا شمار بلوچستان نیشنل پارٹی کے ان سیاسی زعمامیں سے تھا جنہوں نے قوم دوستی، وطن دوستی، فکر و خیال اور سرزمین سے سچی وفاداری کی اور عملی جدوجہد کرتے ہوئے زندگی گزاری اور کبھی بھی ذاتی مفادات، گروہی مفادات کی سیاست نہیں کی بلکہ اجتماعی، قومی مفادات کو اولیت دیتے ہوئے جدوجہد کیا اور مختلف اوقات میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔

انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات میں بھی سردارزادہ میر غلام محمد خان ساتکزئی بلوچ قومی تحریک، بلوچستان کے قومی تحریک کے ساتھ وابستہ رہے اور ایک سیکنڈ بھی وہ قومی جدوجہد سے دور نہیں رہے۔مرحوم ایک نہایت ہی سلجھے ہوئے انسان دوست شخصیت کی مالک تھے اور ایمانداری، خندہ پیشانی، مستقل مزاجی اور ثابت قدمتی سے تمام وقت و حالات کا مقابلہ کیا۔

ان کی جدوجہد کھلی کتاب کی مانند ہے آنے والی نسل کے لئے ان کی قربانیاں اور جدوجہد مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے جنہیں کسی صورت بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ سردار زادہ میر غلام محمد خان بلوچستان کے عظیم وسیاسی وطن دوست رہنماء سردار عطاء اللہ خان مینگل کے رفقا میں شامل تھے اور وہ سیاسی جددوجہد کے حوالے سے ہمیشہ سردار عطاء اللہ مینگل کے ساتھ رہے اور جدوجہد کی۔ انہوں نے اپنی سیاسی، نظریاتی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے شہداء اور رہنماؤں کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرے گی۔

سردارزادہ میر غلام محمد خان ساتکزئی کے ارمانوں، احساسات اور جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے قومی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے اور وہ جس مشن کے ساتھ وابستہ رہے اس مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ بی این پی ان قدرآور زعماء، سیاسی کارکنوں کی نمائندہ جماعت ہے جنہوں نے پوری زندگیاں قومی جدوجہد کے لئے وقف کی۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی اکابرین، رہنماؤں، شہداء اور ان کے مشن کو بھول جائے وہ قومیں کبھی بھی ترقی نہیں نہیں کرسکتیں۔

تاریخ گواہ ہے جن قوموں نے اپنے اکابرین کو یاد رکھتے ہوئے ان کے مشن کو آگے بڑھایا ہے اور اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو یاد رکھاہے کامیابی ایسے اقوام کے قدم چومتی ہے۔ انہوں نے سردارزارہ میر غلام محمد خان ساتکزئی کی درجات کی بلند اورپسماندگان کو صبر جمیل کی دعا کی ہے۔