کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ پرمشتمل ڈویژنل بینچ نے ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ کے عملے کی ہڑتال کے خلاف پٹیشن کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کونوٹسز جاری کردئیے ۔
گزشتہ روز کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بلوچستان ہائیکورٹ میں ڈی سی آفس کوئٹہ کے عملے کی ہڑتال کے خلاف پٹیشن دائر کردی گئی ،پٹیشن ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اقبال کاسی ایڈووکیٹ ،جنرل سیکرٹری علی احسن بگٹی ودیگر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
جس میں موقف اختیارکیاگیاہے کہ ڈی سی آفس کا عملہ مسلسل ہڑتال پر ہے جوائنٹ سب رجسٹرارکے اسٹاف کی ہڑتال غیر آئینی ہے، جس پر ڈویژن بینچ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور دیگر کو آج عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کردئیے ۔