|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2020

کوئٹہ: کوئٹہ کو پانی سپلائی کرنے والے ادارے واسا کا مالی بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا کیسکو کے واجبات ستر کروڑ سے تجاوز کرگئے صوبائی حکومت کی جانب سے گرانٹ نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین کو ماہ نومبر کی تنخواہیں کی ادائیگی نہیں ہوسکی کیسکو کی جانب سے چالیس سے زائد ٹیوب ویلز کے کنکشنز منقطع کرنے سے شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ سنگین ہوگیا ایم ڈی واسا جہا نزیب خان نے بتایا کہ واسا شدید مالی بحران کا شکار ہے۔

واسا کے ٹیوب ویلز کے واجبات کی صورت میں کیسکو کی واجبات رقم70کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جس پر کیسکونے چالیس سے زائد ٹیوب ویلز کی بجلی منقطع کردی ،کیسکو کی جانب سے ٹیوب ویل کے کنکشنز منقطع کرنے سے شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ سنگین ہوگیا ۔

دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے گرانٹ نہ ملنے کی وجہ سے واسا کے ملازمین کو ماہ نومبر کی تنخواہوںکی ادائیگی نہیں ہوسکی واسا کے انیس سو ملازمین نے دو روز تک تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے پر ہڑتال اور احتجاج کی دھمکی دے دی ہے ۔