|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2020

پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے  پاکستان میں کمیونٹی سطح پر حفاظتی ، تدارکی اور احتیاطی تدابیر پر مؤثر انداز میں عملدر آمد نہ ہونے ، مستند گائنا کالوجسٹ کے بجائے غیر تربیت یافتہ دائیوں سے ڈلیوری کیس کروانے اور ان سٹرلائزڈ آلات جراحی کے استعمال کے باعث دوران زچگی زچہ وبچہ میں اموات کی شرح تشویشناک ہے ,

اور اس حوالے سے پاکستان دنیا کے ان پانچ ممالک کی صف میں شامل ہے  جہاں شرح اموات سب سے زیادہ ہے اس موازناتی رپورٹ کے تحت بلوچستان میں شرح اموات کا یہ تناسب دیگر صوبوں سے زیادہ ہے ایسے تشویشناک حالات کے  تدارک کے لئے دیہی سطح پر کمیونٹی مڈوائفری کی تربیت یافتہ  افرادی قوت کا وسیع نیٹ ورک زچہ و بچہ کی شرح اموات پر قابو پانے میں موثر حکمت عملی ثابت ہو سکتا ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں غیر سرکاری ادارے آئی ڈی ایس پی اور میٹرنل نیو بورن اینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے باہمی اشتراک سے  ” بلوچستان میں کمیونٹی مڈ وائفری کے موثر کردار ” کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میزبان تنظیم آئی ڈی ایس پی کی سربراہ قراۃ العین بختیاری میٹرنل نیو بورن اینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ڈپٹی پروگرام مینجر ڈاکٹر سرمد نے بلوچستان میں کمیونٹی مڈ وائفری کے موثر کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے جاری اشتراکی منصوبے کے ممکنا نتائج سے شرکاء کو  آگاہ کیا  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ آئی ڈی ایس پی اور محکمہ صحت بلوچستان کے اشتراک سے جاری یہ منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہونگے اندروان بلوچستان غریب خواتین کی ایک بڑی تعداد غیر محفوظ طریقہ زچگی کے دوران موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں آئی ڈی ایس پی کی معاونت سے تربیت یافتہ کمیونٹی مڈ وائفریز کی ایک بڑی تعداد گہرے اندھیرے میں امید کی  ایسی شمع ثابت ہونگی جو سینکڑوں نو زائیدہ  بچوں پر ان کی ماوں کا سایہ برقرار رکھنے میں نمایاں  کردار  ادا کرسکیں گی انہوں نے کہا

کہ دور حاضر کے معاشرے میں طبی حوالے سے بلا شبہ تربیت یافتہ کمیونٹی مڈ وائفری کا کردار ایک مسیحائی کی علامت ہے جس پر سے اب روایتی “دائی” کا لیبل ہٹانا ہوگا کمیونٹی مڈ وائفری کے موثر کردار اور تربیت یافتہ پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں ہماری کوشش ہوگی کہ سالانہ بجٹ میں کمیونٹی مڈ وائفری کی آسامیاں تخلیق کی جائیں  اور کمیونٹی مڈ وائفری کو  طبی مین اسٹریم میں شامل کرکے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے ، موجودہ وقت پڑھی لکھی خواتین کی ایک بڑی تعداد کمیونٹی مڈ وائفریز کی تربیت حاصل کرچکی ہیں اس لئے اب روایتی دائی کا تصور ختم ہو چکا ہے ایک نئے اور مثبت تصور کو اجاگر کرنے کے لئے سرکاری سطح پر “دائی” کا ٹائٹل تبدیل کرکے کمیونٹی مڈ وائفری کیا جائے گا جبکہ  اس پوسٹ کوبھی  اپ گریڈ کیا جائے گا

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے آئی ڈی ایس پی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خدمت انسانی پر معمور ایسے غیر سرکاری ادارے ہمارے معاشرے کا قابل فخر سرمایہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی حکومت کا فرض ہے انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ڈی ایس پی کی تجاویز کو محکمہ صحت حکومت  بلوچستان کی اسٹریٹیجی پالیسز میں شامل کرکے ماں و بچے کی صحت اور زچگی کے دوران  شرح اموات  کے مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لئے زیر غور لایا جائے گا پروگرام کے اختتام پر پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے تربیت مکمل کرنے والی کمیونٹی مڈ وائفریز میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے جبکہ آئی ڈی ایس پی کی سربراہ نے پارلیمانی سیکرٹری صحت کو سوئنیر پیش کیا