پنجگور: نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹرمیرکبیراحمدمحمدشہی نے کہاہے کہ ریاست کے دستور آرٹیکل 9کے تحت شہریوں کو مکمل آئینی تحفظ حاصل ہے بدقسمتی سے بلوچستان میں دستور کی پامالی جاری ہے۔
شہریوں کی جان ومال کومحفوظ بنانے والے اداریلوگوں کے جان لے رہے ہیں جس کااندازہ پنجگور میں بے گناہ شہری صابر سلیمان کا پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں قتل ہے ان خیالات کااظہارانہوںنے گزشتہ روز پنجگور میں شہید صابر سلیمان کے بھائی سردارعبدالحلیم سے تعزیت اورفاتحہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی پنجگور کے صدر حاجی محمدصالح بلوچ سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالمالک بلوچ پھلین بلوچ تحصیل پنجگور کے صدر تاج بلوچ الطاف بلوچ محمد نواز بلوچ حضوربخش سمیت دیگر سینئر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہاکہ آئین اورقانون پر عمل درآمدنہ ہونے کے باعث لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں سیکورٹی اہلکاروں اورپولیس کوآئین میں کسی صور ت شہریو ں پر گولی چلنے کی اجازت نہیں۔
لیکن بلوچستان میں حالات اس کے برعکس ہیں ایک تسلسل کے ساتھ نوجوانوں کو ٹارگٹ کیاجارہاہے نیشنل پارٹی شہید کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہیں ہمارا مطالبہ کیاہے کہ صابرسلیمان کے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار اورواقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے نیشنل پارٹی واقعہ کے خلاف سینیٹ میں بھی آوازبلند کرے گی اور لواحقین کوانصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔