|

وقتِ اشاعت :   December 8 – 2020

تربت(خ ن)گزشتہ روز آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان لیفٹنینٹ جنرل سرفراز علی نے دشت سنگئی کا دورہ کیا۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ کمشنر مکران طارق قمر بلوچ اور ڈپٹی کمیشنر الیاس کبزئی کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف ساؤتھ ویسٹ ریجن کے صدر وارث دشتی بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایم پی اے لالہ رشید دشتی نے انکا پرتپاک استقبال کیا اور دشت سنگئی میں اپنے رہائش گاہ میں انکے اعزاز میں ایک پر تکلف ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا۔

اس دوران تحصیل دشت سے تعلق رکھنے والے معتبرین کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی ساؤتھ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے علاقہ معتبرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مواصلات کے بڑے منصوبے شروع کیے جائیں۔

تاکہ ان علاقوں کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لایا جاسکے۔ اس دوران انہوں نے علاقہ معتبرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی بلوچستان کے لیے جس پیکج کا اعلان کیا گیا ہے اس میں تحصیل دشت سمیت پورے جنوبی بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیرات کیے جایئں گے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پہلے مرحلے میں تحصیل دشت کے دیہات سنٹسر سے گوادر روڈ کا پہلے ہی افتتاح کیا گیا ہے ۔

جبکہ دوسرے مرحلے میں تربت۔ بلنگور روڈ اور مند۔بلنگور۔ سنٹسر روڑز کی تعمیرات کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد تحصیل دشت کا فاصلہ تربت اور گوادر شہر سے بہت نزدیک ہوجائے گا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی لالہ رشید دشتی نے تحصیل دشت کے مسائل کے بارے میں ان سے تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے لالہ رشید دشتی نے کہا جام کمال خان کی سربراہی میں ہماری حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے مرکز کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ان منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد ان علاقوں کی پسماندگی میں خاطر خواہ کمی آئیگی اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔ قبل ازیں علاقہ معتبرین نے تحصیل دشت میں امن قائم کرنے کے حوالے سے ایف سی اقدامات کی ستائش کی۔