کوئٹہ: ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وندنے کہا ہے کہ میڈیا کاکردار موجودہ دور میں اہمیت اختیار کرگیا ہے پاکستان اورایران کے درمیان سیاسی ،تجارتی سمیت دیگر تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں پریس کو اپنا کردارادا کرنا چاہئے کورونا وائرس کی وباء پرقابو پانے کے بعد کوئٹہ کے صحافیوں کوایران کا دورہ کرائیں گے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن اور خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل سید حسین تقی زادہ نے بھی صحافیوں سے بات چیت کی۔ ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا ہے کہ میں کوئٹہ پریس کلب کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پر بھی کوئٹہ پریس کلب آناچاہتا تھاتاہم کوئٹہ سے باہر ہونے کی وجہ سے شرکت نہ کرسکا حال ہی میں کوئٹہ واپس آنے پر سب سے پہلے کوئٹہ پریس کلب کا دورہ کر رہا ہوں ۔
انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے ارکان کو کوئٹہ پریس کلب کے 50سال پورے ہونے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ یوں تو ہر دور میں میڈیا کی اپنی اہمیت رہی ہے مگر موجودہ دور میں اسکی اہمیت اور پوزیشن مضبوط ہوگئی ۔انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات انتہائی قریبی ،برادرانہ اور بہت پرانے ہیں تجارتی حوالے سے جو تعلقات ہونے چاہئے تھے وہ اب تک نہیں ہیں۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے بارڈر مارکیٹ کی بات کا خیر مقدم کرتے ہیں چھ بارڈر مارکیٹ کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بھر پور فروغ ملے گا اس ضمن میں ایران کی جانب سے تمام ترانتظامات مکمل ہوچکے ہیں پاکستان کی جانب سے بارڈر مارکیٹس کو حتمی شکل دینے کا انتظارکررہے ہیں امید ہے کہ جلد اس سلسلے میں بھی پیش رفت ہوگی ۔
انہوں نے زوردیا کہ بلوچستان کے صحافی بھی بارڈر مارکیٹ کے حوالے سے اپنا مثبت کردارادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ میری ایرانی حکومت سے اس سلسلے میں پہلے بھی بات ہوئی کہ کوئٹہ کے صحافیوں کو ایران کا دورہ کرائیں اس سے تعلقات میں بہتری کے ساتھ یہاں کے صحافیوں کو ایران کی صورتحال سے آگاہی کے ساتھ وہاں کے صحافیوں سے مل بیٹھنے کا بھی موقع ملے گا۔
تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اس دورے کے سلسلے میں فوری اقدامات نہیں کرسکے ہم کوئٹہ میں قونصل جنرل اور پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کی سطح پرکوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کے صحافیوں کو ایرا ن کادورہ کراسکیں۔
اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صد ر رضا الرحمن نے قونصل جنرل ایران حسن درویش وند اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ سید حسین تقی زادہ کے کوئٹہ پریس کلب کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے صحافیوں نے ہمیشہ ایرانی قونصل جنرل اورڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ کی تمام۔
تقریبات کی ہمیشہ نمایاں کوریج کی ہے کچھ عرصہ قبل میں نے سابق ایرانی قونصل جنرل کو پیش کش کی تھی کہ کوئٹہ پریس کلب کے ایک فلور پر ایرانی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ایرانی دستکاری ،پینٹنگز اوردوسر ی اشیاء رکھی جائیں تاہم اس سلسلے میں ابھی تک پیش رفت نہیں ہوئی۔