کو ئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پارٹی کے مرکزی امیر و پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر بلوچستان کے قومی و صوبائی اراکین اسمبلی کی استعفے آئندہ ایک دو دن میں جمع کرائینگے ووٹ چور حکومت کو سوادو سال برداشت کیا اب بات عمران خان کے جانے پر نہیں بلکہ آئین و قانونی کی حکمرانی پر ختم ہو گی ۔
جو حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی اس حکومت کو حکومت کہنا ہمارے لئے باعث شرم ہے 13دسمبر کو لاہور میں ہر صورت میں جلسہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کو ہدایات جاری کردی ہے کہ وہ بلوچستان اسمبلی کے اراکین کے استعفے جلد جمع کرکے ہمیں ارسال کرے تاکہ ہم جمعیت کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے پاس جمع کرادیں۔
آج سے بلوچستان اسمبلی کے اراکین اپنے استعفے جمع کرائینگے اور جلد ہی پارٹی قیادت کو ارسال کریگی انہوں نے کہاکہ وقت اور حالات کو تقاضا ہے کہ موجودہ نااہل اور سلیکٹیڈ حکومت کو اب گھر جانا چاہئے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے سلیکٹیڈ حکومت کورونا کے نام پر اپوزیشن جماعتوں کو دبانا چاہتے ہیں مگر اب ہم کسی بھی صورت موجودہ حکومت کو برداشت نہیں کرینگے۔
انہوں نے کہاکہ مینار پاکستان میں پانی چھوڑ کر حکومت یہ سمجھیں گے کہ ہم ان سے ڈریں گے ہم نے ہر حال میں لاہور میں جلسہ کرنا ہوگا سلیکٹیڈ وزیراعظم چاہئے جو کچھ بھی کرلیں ان کی ہم پرواہ نہیں کرینگے اور اب سلیکٹیڈ وزیراعظم کو ہر صورت میں گھر جانا ہوگا اگر حکومت نے ہوش کا ناخن نہ لیا تو پھر لانگ مارچ اور ملک میں شٹرڈائون و پہیہ جام ہڑتال پر غور کیا جائے گا۔
اور جمعیت علما اسلام پارٹی قیادت کے حکم پر ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں سلیکٹیڈ حکومت اب پی ڈی ایم سے این آر او مانگنے کیلئے طریقہ کاراستعمال کررہے ہیں مگر اب ہم کسی بھی صورت موجودہ حکمرانوں کے ساتھ مذاکرات نہیں کرینگے۔
بلکہ اب ان کو گھر بھیج دینگے انہوں نے تمام کارکنوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ 13دسمبر کے جلسے کے تیاریوں کے سلسلے میں اپنی تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔