نوشکی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق ضلعی صدر نذیر بلوچ نے اپنے جاری بیان میں واٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں کرپشن اقرباء پروری اور کاغذی خانہ پری کی زمیندار ایکشن کمیٹی کے بیان کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ واٹر مینجمنٹ نوشکی میں غریب و مستحق اور حقیقی مڈل کلاس زمینداروں کی مکمل حق تلفی کرتے ہوئے غیر حقیقی اور مالی طور پر مستحکم افراد کو نواز رہی ہے ۔
جس سے حقیقی زمینداروں کی مکمل حق تلفی ہورہی ہے۔حقیقی اور خصوصا علاقے کے زمینداروں کی حقیقی پلیٹ فارم زمیندار ایکشن کمیٹی کو اعتماد میں لئے بغیر پسند و ناپسند کے بنیاد پر نوازنے کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ واٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اقرباء پروری کی تمام حدیں پھلانگتے ہوئے منظور نظر افراد کو بیک وقت دو دو تالابوں،پائپ لائنوں سے نوازا چکی ہے حالانکہ یہ تالاب ان زمینداروں کے لئے ہیں۔
جنہیں پہلے سے تالاب نہیں ہے یا پھر انکی تالاب کچے ہیں،یا وہ مالی طور پر مستحکم نہیں، واٹر مینجمنٹ سروے فزیبلٹی رپورٹ کے بغیر ہی پسند و ناپسند کے بنیاد پر اپنے منظور نظر افراد کو نواز رہی ہے جبکہ ڈرپ ایریگیشن پہلے سے آباد باغات یا زراعت کے استعمال کے لئے دیا جاتا ہے تاکہ پانی کا ضیاع کم سے کم ہو مگر یہاں گنگا الٹی بہتی ہے جبکہ اپنے پالیسیوں کے برعکس ڈرپ ایریگیشن خشک ارا ضیات پر لگا کر پیسے بٹورے جارہے ہیں۔
جبکہ پائپ لائن وغیرہ کو مارکیٹ سے فیلڈ تک پہنچانا انکی اسٹالیشن محکمہ کی ذمہ داری بنتی ہے مگر یہاں عام آدمی پائپ لائن اٹھاتے ہیں اور پھر انکا کوئی معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کہاں غائب ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عام زمیندار انتہائی کم لاگت پر بڑے بڑے تالاب خود بناتے ہیں مگر یہی تالاب محکمہ کے تخمینہ کے مطابق لاکھوں میں چلی جاتی ہے۔
25 فیصد کے نام پر محکمہ اور مستفید کنندہ ملی بھگت کرکے لاکھوں روپے اپنے جیبوں میں ڈالتے ہیں زمیندار ایکشن کمیٹی علاقے کے زمینداروں کی حقیقی و غیر متنازعہ پلیٹ فارم ہے۔
محکمہ زراعت،ضلعی انتظامیہ سمیت واپڈا ڈیپارٹمنٹ بھی زمینداروں کے حوالے سے کسی بھی قسم کے فیصلے سے قبل زمیندار ایکشن کمیٹی کو اعتماد میں لیتی ہے مگر واٹر منیجمنٹ اپنے کرپشن و اقرباء پروری اور کاغذوں کی حد تک منصوبوں کے حوالے سے زمیندار ایکشن کمیٹی کو اعتماد میں لینے سے اس لئے گریزاں ہے کہ کئی انکے کرپشن بے نقاب نہ ہو اور وہ اپنی من مانیاں جاری رکھ سکے۔