|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2020

کو ئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے بلوچستان کو مزید فعال بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ غیر یقینی موسمی حالات و قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری لائی جا رہی ہیں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں ۔

جدید مشینری کے استعمال سے ادارے کے استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی ایم اے کے دورے کے دوران کیا ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون نے صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاء لانگو کو محکمے کے کام و اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی,ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی و جدید مشینری کے استعمال سے محکمے کے استعداد کار میں واضح اضافہ دیکھا جا سکے گا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے پی ڈی ایم اے افسران سمیت تمام عملے کو کسی بھی قدرتی آفت اور غیر یقینی موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چاک چوبند و متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے.عوام کو بر وقت سہولیات کی فراہمی سے نا صرف محکمے کا وقار بلند ہو گا بلکہ عوام کا اعتماد بھی بڑھے گا اس لیے ضروری ہے کہ عوام کی خدمت ہر ممکن یقینی بنائی جائے۔

پی ڈی ایم اے کو ڈویژن سطح پر فعال بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو بھی وزیر داخلہ نے سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے احسن اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں موجودہ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کی مشکلات کم کر کے سہولیات کی فراہمی عوام کی دہلیز پر ممکن بنائیں۔