|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2020

کو ئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ 13دسمبر کو لاہور میں ہر صورت میں جلسہ ہوگا اگر حکومت نے رکاوٹیں کھڑی کردی تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا ، کورونا وائرس سے زیادہ موجودہ حکومت کی وائرس خطرناک ہے حکومت کا خاتمہ کرکے ہی اپوزیشن جماعتیں دم لیں گی ، 13دسمبر کو پی ڈی ایم طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تمام آئینی و جمہوری آپشن استعمال کرے گی حکومت کی جانب سے لاہور میں جلسہ کی اجازت نہ دینے کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گی ۔ پیپلزپارٹی نے تمام تر حالات کا ڈٹ کا مقابلہ کیا ہے کیونکہ جلسہ کرنا ہر کسی کا جمہوری حق ہے۔

اور حکمران کورونا کا واویلا کرکے اپنی حکومت بچانا چاہتے ہیں ۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ایس او پیز پر عمل درآمد کریں گے مگر جلسہ ہر صورت میں ہوگا اگر سلیکٹڈ حکمرانوں نے جلسہ روکنے کی کوشش کی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کی ترقی ، آئینی کی بالادستی کے لئے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے ۔ پیپلزپارٹی نے ہر آمرانہ دور میں قربانیاں دی ہیں۔

اور پی پی نے ہی 73کا آئین کی بحالی اور ملک بچانے میں بھر پور کردار ادا کیا ہے ۔وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں مستعفی ہو کر نئے انتخابات کا اعلان کرے جب تک انتخابات نہیں ہوتے اس وقت تک ملک بحرانوں سے نہیں نکل سکتا ۔