|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پنجاب اور لاہور کے عوام نے مینار پاکستان پر تاریخی جلسے کو کامیاب بنا کر سلیکٹڈ حکمرانوں کو پیغام دے دیا کہ اب وہ ملک چلانے کے اہل نہیں ہیں بلوچستان کے عوام جمعیت کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کی جانب سے دئیے گئے شیڈول کے مطابق اپنی تیاریاں تیز کریں ۔

جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں لانگ مارچ کی تیاری کے لئے اپنا کردار ادا کریں جمعیت علما اسلام ملک میں حقیقی و جمہوری جدوجہد کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہے جب تک سلیکٹڈ حکمرانوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک جدوجہد جاری رہے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام کے اراکین قومی اسمبلی آغا محمود شاہ ،مولوی کمال الدین ،رکن صوبائی اسمبلی حاجی نواز کاکڑ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے مرکزی صدر و جمعیت علما اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کی جانب سے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں بلوچستان میں احتجاجی ریلیوں کے لئے جو شیڈول جاری کیا ہے شیڈول کے مطابق کارکن اپنی تیاریاں تیز کرے 21دسمبر کو کوئٹہ2جنوری کو خضدار اور13جنوری کو لورالائی ژوب میں لانگ مارچ کے سلسلے میں احتجاج کیا جائے گا۔

اور لانگ مارچ کے سلسلے میں بھی پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، انہوں نے کہاکہ لاہور کے عوام نے تاریخ ساز جلسے میں سلیکٹڈ حکمرانوں کیخلاف فیصلہ دیدیا اب سلیکٹیڈ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ اخلاقی طور پرمستعفی ہو کر گھروں کو چلے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف اپنا جدوجہد جاری رکھا ہوا ہے اور جب تک ملک میں صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوں گے اس وقت تک ملک کی معاشی حالات بہتر نہیں ہوسکتی کیونکہ سلیکٹڈحکمرانوں نے ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیل دیا ہے اور خطے میں دیگر ممالک نے ترقی کرلی اور ہماری ملک معیشت نااہل حکمرانوں کی وجہ سے بیٹھ گئی ہے۔