کوئٹہ: قبائلی رہنماء نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل ہمارا قومی فریضہ ہے ، آباؤ اجداد سے صوبے کے لوگوں کی خدمت کرتے چلے آرہے ہیں ،ذمہ داریوں سے روگردانی کو قومی جرم سمجھتے ہیں،کھیلوں کے فروغ کیلئے مقامی سطح پر جلد کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سراوان ہاؤس کوئٹہ میں کھلی کچہری میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں اور کھلاڑیوں کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے مختلف ذمہ داروں سے رابطے کرکے ان سے مسائل کے حل کی درخواست کی ، نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے اس موقع پر مزید کہا کہ سراوان ہاؤس کوئٹہ صوبے کے لوگوں کا مشترکہ گھر ہے یہاں کے دروازے ہر عام خاص کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں صوبے کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا نہ آئندہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی تنازعات ہو یا عوامی مسائل ان کا حل ہماری قبائلی اور قومی ذمہ داری ہے چاہتے ہیں سراوان ہاؤس آنے والا کوئی شخص ناامید نہ لوٹے اپنے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے لوگوں کے مسائل، قبائلی تنازعات کے حل کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔
مستونگ سے آنے والے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستونگ کے عوام نے ہمیشہ ذاتی مفادات کو قومی مفاد ات پر ترجیح دیتے ہوئے تمام ترسازشوں کے باجود نواب محمد اسلم خان رئیسانی کا ساتھ دیا ہے عوام کے اس اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ پہلے بھی بلوچستان کی سیاست کا مرکز رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔
نواب محمد اسلم خان رئیسانی اور مستونگ کے عوام کے درمیان قائم رشتہ میں کوئی سازش ، یا سازشی عناصر دراڑ نہیں ڈال سکتے۔ دریں اثناء سراوان ہاؤس کوئٹہ میں کھلاڑیوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے۔
انہوں نے صوبے کے نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے مقامی سطح پر ہونے والے اقدامات کوقابل ستائش قرار دہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی ، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے مقامی سطح پر جلد کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔