کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا ہے کہ پولیس نے عوام کی سہولت کے لئے سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ڈیجٹیلائزیشن سسٹم کو فعال بناتے ہوئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے بلوچستان بھر میں جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کے اعداد و شمار اکٹھا کرنے کے ساتھ ساتھ تمام تھانوں کو انٹر نیٹ اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے منسلک کردیا ہے۔
جس سے جرائم اور دہشت گردی پر قابو پانے میں پولیس فورس کو ہمہ وقت مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹری ڈائریکٹر یو این ڈی سی جوناڈا ہونانو کو سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں قائم پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی جہانزیب خان جوگیزئی، پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری ایڈیشنل آئی جی نعیم اکرم بھروکا سمیت دیگر پولیس آفیسران بھی موجود تھے۔
یو این او ڈی سی کی کنٹری ڈائریکٹر جوناڈا ہونانو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیس کی جانب سے اپنی نوعیت کا نہایت اور جدید کمانڈ اینڈ سینٹر کے قیام سے جہاں ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کے ذریعے انقلاب لایا جارہا ہے جس سے نہ صرف جرائم کی بیخ کنی میں مدد ملے گی بلکہ اس سے پولیس کے تمام شعبے کمپیوٹرائز سسٹم سے منسلک ہوکر مزید بہتر طور پر اپنی کارکردگی انجام دے سکیں گے۔
آئی جی پولیس نے یو این او ڈی سی کی کنٹری ڈائریکٹر کو بتایا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کے تھانوں کو سینٹرل پولیس آفس میں قائم کئے جانے والے پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے اس لئے تمام تھانوں میں انٹر نیٹ کی سہولت اور ہیومن ریسورس مہیا کی گئی ہے۔