|

وقتِ اشاعت :   December 16 – 2020

اوتھل: سانحہ اے پی ایس کی یاد میں لسبیلہ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل کے آڈیٹوریم ہال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں افسران اور قبائلی عمائدین،اساتذہ اور صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،تقریب میں سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے طلبہ اور اساتذہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹراینڈمیرین سائنسز اوتھل کے آڈیٹوریم ہال میں لسبیلہ کی ضلعی ا نتظامیہ کی جانب سے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ ڈاکٹر حسن وقار چیمہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر جمیل احمد بلوچ،اسسٹنٹ کمشنر بیلہ کیپٹن(ر) عارف احمد،ا ے ایس پی،ایس ڈی پی اوسرکل اوتھل کیپٹن (ر) صدام حسین خاصخیلی سمیت قبائلی عمائدین اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہاکہ آج سے چھ سال قبل آرمی پبلک اسکول پشاور میں دہشتگردوں نے خون کی ہولی کھیلتے ہوئے معصوم طلبہ سمیت 140افراد کو شہید کردیاجس نے پوری قوم کو ہلاکررکھ دیااور ہرطرف فضاء سوگوار تھی جس کے اثرات آج تک پوری قوم پر نمایاں نظرآتے ہیں اور یہ زخم آج بھی تازہ ہے۔

سانحہ اے پی ایس کو ہم کبھی بھول نہیں سکتے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے کہاکہ سلام ان معصوم شہداکو جنہوں نے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا اور ان شہداکے لواحقین کو جن کے بچے صبح اسکول گئے لیکن واپس گھروں کو نہ آسکے سلام ان اساتذہ کو جنہوں نے بچوں کو بچانے کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں آج کے دن کو یاد کرنے کا مقصد سانحہ اے پی ایس کے شہداکو زبردست خراج عقیدت پیش کرنا اور انکے لواحقین سے اظہارہمدردی کرنا ہے۔

تقریب میں سانحہ ا سے پی ایس کی یاد میں نغمے بھی چلائے گئے جس سے تقریب کا ماحول رنجیدہ ہوگیا تقریب کے آخر میں سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعابھی کرائی گئیں جبکہ تقریب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوڈاکٹر جمیل احمد بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر بیلہ کیپٹن (ر) عارف احمد،اوتھل پریس کلب کے صدر محمد عمرلاسی،ماڈل ہائی اسکول اوتھل کے استاد شہزاد حمید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔