|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2020

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن(ر)فضیل اصغر نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل و مشکلات کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ٹیکسز،امن و امان،انڈسٹریل زونز میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ،بلڈنگ کوڈ ،شہر میں پارکنگ پلازوں،اوور بریجز کی تعمیر و دیگرسے متعلق صوبے کی تاجروں و صنعتکاروں کی تجاویز و آرا کو اولیت دی جائے گی۔

چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران صوبے اور کوئٹہ میں ہاسنگ سیکٹر میں موجود مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔لیاقت بازار میں تاجر اور آرچر روڈ پر بچے کے قتل سے متعلق تحقیقات بارے متعلقہ حکام سے استفسار کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ کے عہدیداران و ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سینئر نائب صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،نائب صدر حاجی اختر کاکڑ و دیگر سنیئر عہدیداران و ممبران نے چیف سیکرٹری بلوچستان کا چیمبر آمد پر استقبال کیا اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنئیر نائب صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،نائب صدر حاجی اختر کاکڑ و دیگر نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو بتایا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا نمائندہ فورم ہے۔

جس کے 12 ہزار رجسٹرڈ ممبران ہیں جن کی مشکلات و ضروریات کے حوالے سے چیمبر کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے ایران اور افغانستان کے ساتھ امپورٹ ایکسپورٹ کے ٹیکس معاملات کوئٹہ کسٹم کلکٹریٹ کے حوالے کرنے،سی پیک انڈسٹریل زونز میں صوبے کے تاجروں و صنعتکاروں کو الاٹمنٹ کرنے،مختلف محکمہ جات کے گورننگ باڈیز میں چیمبر کے عہدیداران کو نمائندگی دینے۔

صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کے حوالے سے ون ونڈو سہولیات،چمن اور بادینی بارڈر پر وزیراعظم کے اعلان کردہ مارکیٹ کا قیام عمل میں لانے،کوئٹہ ڈویلپمنٹ پلان میں اوور بریجز پر جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی اپیل کی اور تجویز دی کہ صوبے میں دکانوں کے ٹیکسز اور گیس بلوں کو فکس کیا جائے،انہوں نے بلوچستان کے جی ڈیز کو دوسرے صوبوں میں نہ ماننے کی بھی شکایت کی۔

اور کہا کہ چیف سیکرٹری اس سلسلے میں کردار ادا کرے۔انہوں نے اسماعیل کاکڑ،اور امید خان اچکزئی کے قتل کے واقعات کی تحقیقات میں پیش رفت کی بھی استدعاکی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر)فضیل اصغر نے کہا کہ سب سے پہلے تو میں تمام شرکا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کووڈ کے دوران ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں کیونکہ ابھی بھی عالمی موجود ہیں بلکہ گزشتہ روز بھی دو افراد کووڈ کی وجہ سے لقمہ اجل بنے ہیں۔