|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ق)کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالشکور مری نے حکومت کی جانب سے گوادر میں باڑ لگانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے وسائل کو روز اول سے ہی اس طرح کے اقدامات کرکے لوٹا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کی بدولت بلوچستان کے لوگوں میں نفرت پائی جاتی ہے اس لئے حکومت اور مقتدر قوتیں باڑ لگانے کے عمل سے گریز کریں۔

یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں شکور مری نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل ، معدنیات اور ساحل وسائل کو ایک سازش کے تحت وفاق کے زیر تسلط رکھ کر لوٹا جارہا ہے روز اول سے اس شروع ہونے والے عمل کو آج بھی تیزی سے جاری و ساری رکھا جارہا ہے سوئی گیس ، ریکوڈک، سیندک اور دیگر بلوچستان کے منافع بخش وسائل کو بے دردی سے لوٹ کر بلوچستان کو بہت کم حصہ دیا جارہا ہے۔

جو اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے مترادف ہے حکومت نے جس طرح ایک آمرانہ آرڈیننس کے ذریعے بلوچستان اور سندھ کے جزائر کو وفاق کے زیر تسلط کیا ہے اسی روش کو برقرا ررکھتے ہوئے بلوچستان کے وسائل پر قبضہ مضبوط کرنے کی ایک اور سازش کرتے ہوئے۔

گوادر جس کو سی پیک منصوبہ کی بدولت بلوچستان کے لئے گیم چینجر قرار دیاجارہا ہے اسی گوادر کو مقامی لوگوں کی دسترس سے دور رکھنے کے لئے باڑ لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

اور بلوچستان کی تمام سیاسی، جمہوری قیادت اور قوتیں عوام کے ساتھ ملکر اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرتے ہوئے اپنے حقوق کے حصول کے لئے متحد ہوکر جدوجہد کریں۔