|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2020

کوئٹہ: لیویز آسامیوں میں مبینہ طور پر اقرباء پروری و من پسند بنیادوں پر بھرتیوں کے خلاف خضدار سے کوئٹہ پیدل لانگ مارچ کے شرکاء نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ خضدار میں لیویز کی خالی آسامیوںپر مبینہ من پسند افراد کو شامل کرنے کا نوٹس لے کر میرٹ پر تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔

کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لانگ مار چ کے شرکاء عبدالظاہر ، نثار احمد ابابکی ، کامریڈ سمیع و دیگر نے کہا کہ خضدار میں لیویز میں 172پوسٹوں پر تعیناتیاں ہونی تھی جس کے ٹیسٹ ہوگئے تھے لیکن 6ماہ بعد لسٹ جاری کی گئی جن میں صرف اور صرف من پسند افراد کوشامل کیا گیا ہے جو تمام حقدار ومستحق نوجوانوں کی حق تلفی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں روزگار کی تلاش میں در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں حالیہ لیویز کی خالی آسامیوں پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اپلائی کیا مگر یہاں مبینہ طور پر میرٹ کے برعکس من پسند اور اقرباء پروری کی بنیاد پر تعیناتیاں عمل میں لائی جاتی ہیں۔

جس کے خلاف تمام اہل امیدواروں کو لسٹ سے نکال دیا گیا ہے مستحق افراد نے اپنے حق کیلئے 317کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور 12ویں دن ہم کوئٹہ پہنچے ہیں اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہم پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دینگے ۔بعد ازاں انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہر بھی کیا ۔