|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2020

سبی: آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان قادربخش پرکانی نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل سبی کے مسائل کو دور کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے حکومت بلوچستان نے جدید ماڈل جیل بلوچستان بھر میں تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے جلد ہی جدید ماڈل جیل کوئٹہ میں بنائی جائے گی جو ہمارا پائلٹ پروجیکٹ ہوگا جس میں خواتین بچہ وارڈ سمیت تمام جدید سہولیات فراہم کریں گے۔

قوانین کے مطابق بلوچستان بھر کی جیلوں میں قید یوں کو تعلیم وتربیت کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے تاکہ ان کی تربیت کی جاسکے دستیاب وسائل میں رہ کر سبی سمیت بلوچستان بھر کی جیلوں کے مسائل کو دور کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل سبی کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پرسپرنٹنڈنٹ جیل سبی عبداللہ خان کاکٹر، ایڈمن فنانس آفیسر چھٹا خان، اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ میر طاہر ڈومکی، میر ثناء اللہ گشکوری، میر محمد احسان گشکوری، ڈاکٹرسلطان موسیٰ خیل، لائن آفیسر محمد فاروق رند کے علاوہ ڈسٹرکٹ جیل سبی کے آفیسران بھی موجود تھے۔

آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان قادر بخش پرکانی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے بلوچستان بھر کی جیلو ں کے مسئلہ مسائل کو دور کرنے کے لئے خصوصی پیکج دیا ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں اور جیلوں کو درپیش مسائل کو دور کرنا ہے جس میں بلوچستان بھر کی جیلوں کی تعمیر ومرمت جیلوں کی سیکورٹی سمیت تمام مسائل کو دور کرنے کے لئے کام کررہے ہیں سبی جیل کو درپیس چھوٹے چھوٹے مسئلہ مسائل دور ہونگے۔

اس سلسلے میں سپریٹنڈنٹ آف جیل سبی کو ہدایات بھی دیدی گئی ہے سبی جیل کی خستہ حالت کو مدنظر رکھا گیا ہے جو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کو دور کردیا جائے گا پرانے بیرکوں کی مرمت کرنے کے ساتھ ساتھ جدید کیمرے نصب کریں گے سبی میں نئے ڈسٹرکٹ جیل سمیت جو منصبوبے فائلوں کی نذر ہے ان کو اب فائلوں سے نکال کر ان پر کام کیا جائے گا ایک ایک کرکے پائپ لائن میں موجود منصبوبوں پر کام کریں گے۔

بلوچستان بھر میں جدید ماڈلز جیل بنانے کے لئے منصوبہ بندی کررہی ہے کوئٹہ سے نئی جدید ماڈل جیل بنانے کا آغاز کریں گے جس پر جلد کام شروع ہوگا جو ہمارا پائلٹ پروجیکٹ ہوگا جس میں خواتین بچوں کے وارڈ سمیت تمام جدید سہولیات میسرہونگی آئی جی جیل خانہ جات قادر بخش پرکانی نے کہا کہ بلوچستان کی جیلوں میں قیدیوں کو قوانین کے مطابق وہ تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔

جس کی ضرورت ہے قیدیوں کو قرآن پاک کی تعلیم کے علاوہ علاج معالجے کی سہولت جیل مینو کے مطابق بہتر کھانا فراہم کررہے ہیں بلوچستان کی جیلوں میں قیدیوں کو معاشرے کے بہتر فرد بنانے کے لئے ان کی تعلیم وتربیت کی جاتی ہے تاکہ جب وہ اپنی سزا پوری کرکے جیل سے باہر جائیں تو معاشرے کا بہترین فرد بن سکیں قبل ازین آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان قادر بخش پرکانی کی ڈسٹرکٹ جیل آمد پر شایاں شان استقبال کیا گیا۔

پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی سپریٹنڈنٹ آف جیل سبی عبداللہ جان کاکڑ نے جیل میں قید یوں کی تعداد ملازمین و جیل کے مسئلہ مسائل کے بارے میں تفصیلی آگہی فراہم کی آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان قادر بخش پرکانی نے بچہ وارڈ، بند وارڈ، کچا وارڈ سمیت مختلف بیرکوں کا تفصیلی جائزہ لیا قیدیوں سے ان کے مسئلہ مسائل دریافت کیے لنگر خانہ ملاقاتی روم ڈسپنسری جیل میں تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر قیدیوں نے اپنے مسئلہ مسائل سے آگاہ کیا آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان نے قیدیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسائل اور قوانین کے مطابق قیدیوں کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔