|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جھوٹ کا سہارا لے کر عوام میں مایوسی پھیلا رہی ہے اپوزیشن کو کسی بھی صورت این آر او نہیں ملے گی اور نہ ہی اپوزیشن کو یہ موقع دیں گے کہ وہ ملکی اداروں کے نام پر سیاست کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کریں گے پی ڈی ایم کی تمام تر سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی اور تحریک انصاف مل کر ملک اور بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گیان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔منظور احمد کاکڑ نے کہاکہ کرپٹ اپوزیشن میں استعفے دینے کی اخلاقی جرات ہر گز نہیں ہے 31دسمبر آئے گی اور گزر جائے گی عقوبت اندیش پی ڈی ایم کو تاریخیں دینے کی عادت ہے۔

شور وغا کرنے والے قوم پر رحم کریں اور منفی سیاست ترک کردے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں اپوزیشن جماعتیں کسی بھی صورت استعفے نہیں دیں گے کیونکہ اگر ان اپوزیشن اراکین اسمبلی نے اسمبلی رکنیت سے استعفے دئیے تو آئندہ عوام آنیوالی انتخابات میں ان کو مسترد کریں گے انہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں حکومت اور ان کی اتحادی جماعتوں کے سینیٹر منتخب ہوں گے اور اپوزیشن کو اب کوئی موقع نہیں دیں گے۔

کیونکہ اپوزیشن عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے اب اپنی ناکامی چھپانے کے لئے استعفے کا ڈھونڈرا مچا کر عوام کو بیو قوف بنانے پر تلے ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے۔

ستر سالوں میں اقتدار کی باریاں لینے والوں نے قوم کی کوئی خدمت نہیں کی ہے جب یہ لوگ حکومت میں ہوتے ہیں تو اپنے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کرتے جب اپوزیشن میں چلے جاتے ہیں تو ان کو بلوچستان اور ان کے غریب عوام یاد آجاتے ہیں۔