کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں سرمایہ کاری کی اہمیت بہت زیادہ ہے، بیرونی سرمایہ کاری آئیگی تویہاں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت نے پہلی بار اس شعبے کو اہمیت دی اور سنجیدگی سے اس پر کام کیا، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے اس مقصد کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔
جن میں بلوچستان انویسٹمنٹ گائیڈ، کاروبار میں آسانی کے سیل کا قیام، بلوچستان سرمایہ کاری پالیسی کی تشکیل، اسلام آباد اور کراچی میں دفاتر کا قیام، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیساتھ کامیاب ویب نارز کا انعقاد شامل ہیں ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور بڑی تعداد میں سرمایہ کاروں نے ہم سے رابطہ کیا ہے جن کی پیشکشوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری پالیسی کی منظوری کے بعد صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہوگااور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوجائیں گی۔موجودہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ بلوچستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ وہ یہاں آئیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔