کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی جان محمد گرگناڑی کی اغوا اور عدم بازیابی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔
بدقسمتی سے ناکام صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری مکمل ناکام ہوچکی ہے، صوبے میں امن و امان صرف دعوئوں تک محدود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔
ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ دنوں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی جان محمد گرگناڑی کو اغوا کیا گیا ہے کئی دن گزرنے کے باوجود مغوی کو بازیاب نہیں کرایا جا سکا ہے۔
جبکہ نام نہاد صوبائی حکومت خواب خرگوش کی نیند سو رہی ہے حالانکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ لیکن صوبے میں دن دیہاڑے ایسے واقعات ریاست و حکومت کی ناکامی ظاہر کرتی ہے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مغوی رہنما حاجی جان محمد گرگناڑی کو بازیاب کرایا جائے۔