|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2020

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ زراور زور کی پیداوار سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو جن بحرانوں سے دوچار کیا ہے اس کا ازالہ پی ڈی ایم کے پروگرام سے ممکن ہے۔

پارٹی کارکن پی ڈی ایم کے احتجاجی ریلیوں ، لانگ مارچ کی مکمل تیاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی غبرگ علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام لانگ مارچ اسلام آباد کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے پارٹی رہنماوں عبدالرحمن بازئی، سلیمان بازئی ،عصمت خان بازئی اور یحییٰ بازئی نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ ملک کی سب سے اہم ادارے اورریاست کی پہلی ستون مقننہ یا پارلیمنٹ کو بے وقعت بنانے ، 18ویں ترمیم ختم کرنے ، این ایف سی ایوارڈ اور صدارتی نظام مسلط کرنے ، درپردہ سازشوں اور ملک کو معاشی دیوالیہ پن ، زرعی اور صنعتی پیداوار میں تقریباً 50فیصد کمی سے ملک سخت ترین مہنگائی اور بیروزگاری سے دوچار کیا گیا ہے ۔

اور تمام اشیاء ضرورت کی قیمتیں غریبوں کی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر سیاسی لیڈر شپ سے انتقام لیا جارہا ہے ۔ اپوزیشن کا عوام کو اصل آئینہ دکھانے کی سزا دی جارہی ہے اپوزیشن احتجاج کے راستے میں روڑے اٹکانے اور تمام ملکی میڈیا کو کوریج سے منع کرنے اور ملکی تاریخ کا بدترین سنسر شپ عائد کرنے تمام اداروں کو مفلوج کرنے اور جمہوریت کے نام پر آمریت مسلط کرنے کے خلاف اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے ناکام حربے طشت ازبام ہوچکے ہیں ۔

اور حکومتی حربے ملکی آئین کے تحت انسانی حقوق کی پائمالی کے مترادف ہیں۔ ملک کی اہم ترین دستاویز آئین پاکستان کا مذاق اڑانے کی آمرانہ تاریخ دہرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ملکی آئین پر مکمل عملدرآمد اور آئین میں متعین اداراتی اختیارات کا دفاع ملک کی پارلیمنٹ کی بالادستی اور ملک کے تمام ادارے پارلیمنٹ کے ماتحت بنانے اور پابندی کرانے کی اس تحریک کی حوصلہ افزائی اور پرچار میڈیا پر لازم ہے۔

اور یہی جمہوریت اور بہترین وطن دوستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے اور پچاس لاکھ گھر کے بدلے میں ہزاروں لوگوں کو بے گھر کردیا گیا ہے ایک کروڑ نوکریوں کی بجائے لاکھوں کو بیروزگار بنادیا گیا ہے ملک ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف دھکیل دیا گیا اور عالمی طور پر تنہا ئی سے دوچار ہے۔

ایسے حالات میںصوبے کے اندر اعلانیہ پشتونخوامیپ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے احتجاجی ریلیوں اور لانگ مارچ کی تیاریوں کی تاکید کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے تمام ملک اور خصوصاً صوبے میں تمام اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ ڈویژنل احتجاجی مظاہروں میں شرکت اور خصوصاً اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کی ہدایت کی ہے ۔