کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ گورنرز یوتھ پروگرام کے اجراء سے صوبے کے چھ مختلف اضلاع میں ہنرمند نوجوان اپنے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی راہ ہموار کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا اصل مقصد دورافتادہ اضلاع کے نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے اور کیریئر کے انتخاب کے حوالے سے ان کو فکری ر اہنمائی کے مواقعوں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد و رہنمایی فراہم کرنا ہے. پروگرام کو مختلف اضلاع میں موجود سرکاری یونیورسٹیوں کے کیمپسز سے منسلک کرنا لائقِ تحسین اقدام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں انڈیویجول لینڈز کے زہر اہتمام “گورنرز یوتھ پروگرام” کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنرز یوتھ پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر زبیدہ جلال، سینٹر انوارالحق کاکڑ، سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز صاحبان, سابق سینٹر نواب زادہ سیف اللہ مگسی اور انڈیویجول لینڈز کی سربراہ گل مینہ بلال سمیت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی.۔
کاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ تمام معاشی و معاشرتی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شرکت و شمولیت کو پالیسی سازی کا لازمی حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گورنرز یوتھ پروگرام اجراء صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، خضدار، پشین، نوشکی، مستونگ اور خاران سمیت چھ مختلف اضلاع میں کیا جا رہا ہے. انہوں نے کہا کہ ان اضلاع کا انتخاب یونیورسٹی آف بلوچستان، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور بیوٹمز یونیورسٹی سمیت بلوچستان کی سرکاری یونیورسٹیوں کے سب کیمپسیز کی موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
گورنر یاسین زئی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو کبھی بھی ریاست تنہاء نہیں چھوڑے گی بلکہ آپ سب کے روشن اور ترقی یافتہ مسقبل کی ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں موجود دیانتدار اور قابل ماہرین اور محققین کے علم وتجربہ سے بھی بھرپور استفادہ کرنا اشد ضروری ہے۔
گورنرز یوتھ پروگرام کے اجراء کرنے کے موقع پر وفاقی وزیر زبیدہ جلال، سینٹر انوارالحق کاکڑ اور گل مینہ بلال نے بھی خطاب کیا۔آخر میں گورنر بلوچستان نے پروگرام کے منتظمین اور شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کئے۔