|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2020

کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ قوم کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار سیاسی بصیرت اور ان کی روشن خیالی کو عملی جامہ پہننا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یو م پیدائش سے متعلق ایک پیغام میں کہا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے بر صغیر کے مسلمانوں کو مذہبی آزادی سیاسی شناخت۔ معاشرتی خوشحالی اور قومی پہچان کیلئے جاری جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اپنے ملک کو اقوام عالم میں نمایاں جگہ دلانے کیلئے قوم کو بانی پاکستان کی سیاسی جدوجہد کو اپنا شعا ر بنانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کو زندگی کے تمام شعبوں میں آگے لے جانے کیلئے اقوال قائد اعظم پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنے حصے کا کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر اپنے عہد کی تجدید کرنی چاہئے۔ جس طرح تحریک آزادی میں قائد اعظم محمد علی جناح و دیگر رہنماوں نے ایثار، جہد مسلسل اور انتھک محنت سے نا قابل یقین کو یقین میں تبدیل کیا ہمیں بھی قومی ترقی، معاشی استحکام اور معاشرتی خوشحالی کیلئے ان رہنمااصولوں پر عمل پیرا ہو کر اسی جذبے سے کام کرنے کی سعی کرنی چاہئے