زیارت: وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ قائد اعظم اس خطے کے عظیم لیڈر تھے بانی پاکستان ایک کردار والے لیڈر تھے جنہوں نے ملک بنایا۔برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم کی قیادت پر اندھا اعتبار کیا۔ بابائے قوم پاکستان اور زیارت کے لئے ایک انمول تحفہ تھے۔ قائد اعظم کے افکار پر عمل پیر ہوکر ہم ملک اور قوم کوترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کی مناسبت سے قائد اعظم ریذیڈنسی میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل سرفراز علی، انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور نارتھ میجر جنرل فیاض حسین شاہ، جی او سی انعام حیدرملک، صوبائی وزراء انجنئیر زمرک خان اچکزئی، حاجی نورمحمد خان دمڑ،میر ضیائاللہ لانگو،سینٹر انوار الحق کاکڑ۔
رکن صوبائی اسمبلی سردار مسعود لونی،رکن قومی اسمبلی سردار اسرار ترین، قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔ اس سے قبل وزیر اعلی بلوچستان نے دیگر شرکاء کے ہمراہ قائد اعظم ریزیڈنسی میں پرچم کشائی کی۔ تقریب کے موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور عظیم قوم میں عظیم لیڈر پیدا ہوتے ہیں،قائد اعظم نے ہمیں ایک عظیم ملک تحفے میں دیا،قائد اعظم کے افکار کو مشعل راہ بناتے ہوئے ہمیں اس ملک کو اونچائیوں کی طرف لے جانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچا ن ہے،ہمیں بھی اپنے آپ میں احساس پیدا کرنا ہوگا اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا،رنگ ونسل اور لسانی تعصبات سے بالاتر ہوکر پاکستان کے لیے کام کرنا ہوگا۔
ملک جتنی ترقی کرے گا ہم دنیا میں قدر حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد کے اصولوں پر پاکستان کو عظیم بنانا ہے، آج جس جگہ ہم کھڑے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے آخری ایام یہاں میں گزارے جو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے ان کی انسیت کا مظہر ہے۔
آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم سیاسی اور گروہی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے استحکام اور قومی اتحاد کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائداعظم کے تصور کے مطابق ایک مستحکم جمہوری اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ اسلامی ملکوں میں پاکستان واحد ایٹمی ملک ہے جس پر اسلامی ممالک فخر کرتے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، اللہ پاک نے ہمیں سمندر اور خوبصورت پہاڑ اور قدرتی معدنیات دئیے ہے۔انہوں نے کہا ہم نے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے،ہم بیروزگاری کا خاتمہ اور معیشت کو بہتر کریں گے،نوجوان قوم کے مستقبل ہیں ان سے ہمیں بہت سی امیدیں وابستہ ہے۔ تقریب میں معروف گلوکار اختر چنال اور بچوں نے ملی نغمے بھی پیش کئے۔
وزیراعلی نے تقریب میں شریک بچوں کو بہترین کارکردگی اور قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ دریں اثناء وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے چینہ زیارت میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماملک محمد غوث پانیزئی کی رہائش گاہ پر تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء انجنئیر زمرک خان اچکزئی، حاجی نورمحمد دمڑ، ضیائاللہ لانگو،سابق صوبائی وزیر پرنس احمد علی۔
کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل شاہ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)مہر اللہ بادینی بھی موجودتھے،اس موقع پروزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان،صوبائی وزراء حاجی نورمحمد دمڑ،میر ضیائاللہ لانگو اورپرنس احمد علی کوروایتی پگڑیاں پہنائی گئیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے گزشتہ سال یہاں سڑک کی تعمیر کا جو وعدہ کیا تھا وہ منظور ہوگیا ہے۔
اور یہ روڈ کوئٹہ سے زیارت،زیارت سے سنجاوی تک بنے گا جس پر دس ارب روپے خرچ کئے جائیں گے اس سڑک کی وفاقی حکومت سے منظوری کے لیے بھرپور کوششیں کیں کیا جس کے بعد یہ منصوبہ منظوری ہوا۔صوبائی حکومت نے گورنمنٹ انٹری کالج کو ڈگری کالج اور سنجاوی میں پولی ٹیکنک کالج کے منصوبے منظور کیے ہیں،صوبائی حکومت نے کینسر کے چودہ سو مریضوں کا مفت علاج کیا ہے۔
ضلع زیارت کے لیے برف باری کے لیے نئی مشینری فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا ماضی کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہوا،بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کے مسائل صیحیح انداز میں حل کئے ہیں۔
بلوچستان میں زراعت تعلیم صحت آبنوشی اور دیگر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا صوبائی وزیر حاجی نورمحمد دمڑ نے اپنے حلقے کی نمائندگی کا حقیقی کا حق ادا کیاہے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کو کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے۔ اس سے قبل وزیراعلی بلوچستان نے چینہ میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کی گئی جدید مشینری اور دیگر آلات کا فیتہ کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا۔
صوبائی وزراء میر ضیاء اللہ لانگو، حاجی نور محمد دمڑ سینیٹر انوار الحق کاکڑ ودیگر حکام موجود تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون نے موسم سرما میں برف باری کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال اور سڑکوں کی بحالی کے لیے فراہم کی گئی۔
جدید مشنری و آلات سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر اعلی نے مشینری اور آلات کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعلی نے زیارت کے تفریحی مقام پر نو تعمیر شدہ اوبشتہ ہاؤس کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ہاؤس کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔