|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2020

پیپلز پارٹی کے چيئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ اگر 31 جنوری تک عمران خان نے استعفیٰ نہ دیا تو  اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔

گڑھی خدابخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی  تاریکیاں چھٹنے والی ہیں، چوروں کے اس ٹولے کا وقت ختم ہوگیا، دمادم مست قلندر کا نعرہ لگا کراِس کٹھ پتلی کو بھگائيں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھاکہ اب عوام اس سلیکٹڈ کو نہیں چھوڑيں گے، عمران خان نہ عوام کے نمائندے ہیں نہ منتخب وزيراعظم ہیں، ہم ہرظالم اور جابر سے ٹکرائیں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ اگر اس حکومت کو مزید وقت دیا گيا تو یہ لوگ ملک کا بیڑا غرق کرديں گے، اگر 31 جنوری تک عمران خان نے استعفیٰ نہ دیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، مجرم حکمرانوں کے احتساب کا وقت آچکا ہے، لوگ دو وقت کی روٹی اور مزدور مزدوری کے لیے ترس رہا ہے لیکن اندھے اور بہرے حکمرانوں کو نہ کچھ نظر آرہا ہے اور نہ سنائی دے رہا ہے۔

انہوں نےکہا کہ ڈھائی سال میں لیاگیا قرضہ بلند ترین ہے،اس حکومت کولیے گئے قرضے کا حساب دینا ہوگا،اس نالائق حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے،آج این ایف سی کا حق نہیں دیا جارہا ہے، یہ غاصب ہے غاصب،جس نے عوام کے حقوق غصب کیے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ کیسے مانوں ملک میں جمہوریت ہے،جس جمہوریت کے لیے بینظیر نے جان دی یہ وہ جمہوریت نہیں، جہاں بولنے، تقریر اور پرامن احتجاج کی اجازت نہیں، ہم ہر آمر اور غاصب سے ٹکرائے، یہ کٹھ پتلی کس کھیت کی مولی ہے، اسے جمہوریت کا علم نہیں، حکومت کرنے کا ڈھنگ نہیں، ملک سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا،لانے والے اسے لائے تو ہیں لیکن عقل اور حوصلہ کیسے دیتے۔