|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2020

کوئٹہ: چیئرمین پروانشل الیکشن کمیشن پی ایم اے بلوچستان ڈاکٹرآفتاب کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ایم بلوچستان کے انتخابات میں یونائٹڈ ڈاکٹرز ڈگنیٹی پینل231ووٹ لیکر کامیاب قرار پایا ہے جبکہ مدمقابل ڈاکٹر کلیم اللہ پروگریسیو پینل نے صرف تین ووٹ حاصل کئے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بولان میڈیکل ہسپتال میں پریس کانفرنس کے دوران انتخابی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پی ایم اے پاکستان کے صدر ڈاکٹر حمیداللہ پانیزئی،ڈاکٹرمصطفی وردگ،ڈاکٹرنورقاضی،ڈاکٹراحمد ولی،نسیم کٹکٹے زئی،ڈی ایم ایس بولان میڈیکل ہسپتال ڈاکٹر رشید جمالی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے الیکشن کمیٹی نے 26دسمبر کو صوبائی انتخابات صوبائی دارالحکومت کوئٹح میں کرانے کا اعلان کیاتھا۔

لیکن کوڈ 19کے پیش نظر الیکشن کمیٹی نے صوبے کے 7ڈویژنل پولنگ اسٹیشنز کو ڈویژنل،ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بنائے گئے تھے اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے مذکورہ ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو پریذائڈنگ آفیسرز مقرر کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں پی ایم اے کے صوبائی انتخابات میں یونائٹڈ ڈاکٹرز ڈگنیٹی پینل نے 231ووٹ لیکرکامیابی حاصل کی جبکہ انکے مدمقابل مدمقابل ڈاکٹر کلیم اللہ پروگریسیو پینل نے صرف تین ووٹ حاصل کئے۔

جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔انہوں نے کہا کہ نئے کامیاب ہونے والے عہدیداروں میں پریزیڈنٹ الیکٹ ڈاکٹر نور احمد قاضی، جنرل سکرٹری ڈاکٹر آصف شاہوانی،سینئر نائب صدر ڈاکٹر احمدولی،نائب صدرڈاکٹر رفیق احمد گْھنیا،جوائنٹ سیکرٹری (ون)ڈاکٹر کبیر کاکڑ،جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر افضل خالق،پریس سیکرٹری ڈاکٹر عبدالرشید ناصر،فنانس سیکرٹری ڈاکٹر نسیم کٹکیزئی، چیئرمین فیلڈ آپریشن ڈاکٹر عالم ساجدشامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر آفتاب کاکڑ نے بتایاکہ 28سال بعد بلوچستان میں جمہوری طریقے سے نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا اس سے قبل مل بیٹھ کو عہدیداروں کاانتخاب عمل میں لایا جاتاتھا۔

ڈاکٹرآفتاب کاکڑاور ڈاکٹر حمیداللہ پانیزئی نے نومنتخب عہدیداروں کومبارکبا دیتے ہوئے کہاکہ نئے منتخب ڈاکٹروں اور مریضوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور ہماری کوشش ہوگی ہسپتالوں میں مریضوں کو سہولیات اورادویات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے۔