|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی قیادت میں بلوچستان بھر سے قافلے سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر آج گڑھی خدابخش میں منعقدہ جلسہ میں شرکت کیلئے لاڑکانہ پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی، پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ ،جمعیت علماء اسلام کے رہنماء نذیر آغا ایڈووکیٹ، مسلم لیگ ن کے ہمایوں خان الکوزئی، بی این پی کے میر ہمایوں عزیز کرد، ٹکری شفقت لانگو ، قاری اختر شاہ کھرل،ایوب کھوسہ ، بی ایس او کے سابق چیئرمین عبدالواحد بلوچ، ظاہر خان دمڑ، رحیم ترین ودیگر کی قیادت میں کارکنوں کا قافلہ۔

سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پی ڈی ایم کے زیر اہتمام گڑھی خدابخش میں منعقدہ جلسہ میں شرکت کیلئے سراوان ہائوس کوئٹہ سے روانہ ہوا بعدازں بلوچستان کے ضلع بولان ، سبی ، ، ڈیرہ اللہ یار ، ڈیرہ مراد جمالی، جیکب آباد اور سکھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد ریلیوں اور قافلوں کی شکل میں مرکزی قافلے میں شامل ہوئے۔

اس موقع پرکارکنوں نے نوابزادہ لشکری رئیسانی اور ان کے ساتھیوں کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے ان پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کیںاور انہیں اجرک اور ٹوپی کے تحائف بھی پیش کئے گئے۔

نوابزادہ لشکری رئیسانی نے مختلف مقامات پر کارکنوں کی کارنر میٹنگز، اجتماعات اور استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی جدوجہد بلوچستان کے لوگوں کیلئے ہے ،اس سرزمین کی ترقی ، امن ،خوشحالی، ناخواندگی اور پسماندگی کے خاتمے کیلئے یہاں کے لوگوں کو اپنا ایک ایک منٹ وقف کرکے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ آج بلوچستان کی تمام اقوام ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر صوبے کی عزت ، وقار، ترقی ، خوشحالی اور حق ملکیت کی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ بلوچستان ایک باعزت ، باوقار ، سرزمین ہو انہوں نے کہا کہ آپسی اتفاق سے ہم اپنے وطن کی پریشانیوں پسماندگی کے خاتمہ کی جدوجہد میں ایک دن ضرور کامیاب ہوں گے۔

نوابزادہ لشکری رئیسانی نے روجھان جمالی میںسابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے انتقال پر ان کے صاحبزادوں، جیکب آباد میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء اعجاز جھکرانی سے ان کے والد سید مہتاب شاہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

جیک آباد میں سردار منظور خان پہنور کی رہائش گاہ پر نوابزادہ لشکری رئیسانی کے قافلے میں شامل افراد کے اعزاز میںعصرانہ بھی دیا گیا۔