|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2020

عالمی وباء کورونا کے سبب دنیا میں 8 کروڑ 20 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ 17 لاکھ 57 ہزار 640 اموات ہو چکی ہیں۔دنیا میں کورونا کے 5 کروڑ 64 لاکھ 71 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے اور 2 کروڑ 19 لاکھ 78 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔امریکہ میں کورونا کی صورتحال سب سے زیادہ خوفناک ہے جہاں 3 لاکھ 38 ہزار 263 اموات ہو چکی ہیں اور ایک کروڑ 92 لاکھ 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔

جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 379 اور ایک کروڑ ایک لاکھ 69 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار 515 اور 74 لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔روس میں 29 لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 53 ہزار 659 ہے۔فرانس میں 25 لاکھ 47 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 62 ہزار 427 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

برطانیہ میں 22 لاکھ 21 ہزار کورونا کیسز اور 70 ہزار 195 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ترکی میں 21 لاکھ 18 ہزار 255 افراد متاثر اور 19 ہزار 371 ہلاک ہو چکے ہیں۔ اٹلی میں بھی 20 لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ 71 ہزار 359 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔دنیا بھر میں پہلے 50 لاکھ کیسز کا سفر 186 دنوں میں طے ہوا۔ ایک کروڑ سے دو کروڑ کیسز ہونے میں 43 دن لگے۔اگلے 38 دنوں میں مزید ایک کروڑ کیسز رپورٹ ہوئے۔ 3 کروڑ سے چار کروڑ کا سفر31 دنوں میں طے ہوا۔

چار کروڑ سے پانچ کروڑ کیسز رپورٹ ہونے میں21 دن لگے۔ آخری ایک کروڑ کیسز صرف اٹھارہ دنوں میں سامنے آئے۔پہلی ایک لاکھ اموات 89 روز میں رپورٹ ہوئیں۔ 5 جون کواموات 4 لاکھ کا ہندسہ عبور کرگئیں۔ 20اگست کو اموات کی تعداد 8 لاکھ ہوگئی۔چار لاکھ سے آٹھ لاکھ اموات ہونے میں 76 دن لگے۔ 8 لاکھ سے 10 لاکھ اموات 37 دنوں میں سامنے آئیں۔ اگلی دو لاکھ اموات 35 دنوں میں رپورٹ ہوئیں۔ آخری دو لاکھ اموات صرف 24 دنوں میں سامنے آئیں۔

بہرحال کورونا وائرس کے باعث کرسمس کی خوشیاں بھی ماند پڑگئی ہیں کیونکہ کرسمس کی تقریبات زبردست اندا زمیں منائی جاتی ہیں مگر اس وباء نے پوری دنیا کو بری طرح سے متاثر کرکے رکھ دیا ہے۔ کرسمس کو سادگی کے ساتھ منایاجارہا ہے جب کرسمس کا وقت آتا ہے تو سیاحوں کی بڑی تعداد مختلف ممالک میں نہ صرف تفریح کیلئے جاتی ہے۔

بلکہ مسیحی برادری کے ساتھ ملکر کرسمس کی خوشیاں مناتی ہے مگر اس وباء نے پوری دنیا کو محدود کرکے رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے مذہبی تہوار بھی ماند پڑگئے ہیں۔کرسمس کے اس پُرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے یہی امید کرتے ہیں کہ آنے والا سال پوری دنیا کیلئے بہت ساری خوشیاں لے کر آئے گا کیونکہ 2020ء کے دوران بہت بڑا انسانی بحران سامنے آیا ہے جسے کبھی نہیں بھلایاجاسکتا جس نے ہر طرف قیامت مچا رکھی ہے۔