تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری، ضلع کونسل کیچ کے سابق چیئرمین حاجی فداحسین دشتی نے حکومت بلوچستان کی جانب سے ایرانی پٹرول وڈیزل کے کاروبار کو اسمگلنگ کانام دے کر اس کی بندش کے نوٹیفکیشن کو عوام کامعاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ عوام دشمن نوٹیفکیشن عوام کوکسی صورت قبول نہیں،ایک طرف ہوشربا مہنگائی،دوسری طرف بڑھتی بے روزگاری نے عوام کومعاشی طورپر مفلوج بناکر رکھ دیاہے۔
اور عوام کے مسلسل احتجاج اور فریاد کے بعد ایرانی سرحدسے متصل لوگ جان جھوکوں میں ڈال کر ایرانی ڈیزل وپٹرول لاکر اپنے بچوں کی پرورش کرتے ہیں، مکران سمیت دیگرعلاقوں میں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کاگزربسر اسی کاروبارپر ہے اسے اسمگلنگ کانام دیکر اس پر قدغن لگانا صریح ظلم کے مترادف ہے جسے نیشنل پارٹی کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایف سی کوبلوچستان میں تعینات کرنے کابنیادی مقصد دہشت گردی کی روک تھام بتایا تھا مگر ایف سی کو اب بلوچوں کے معاشی قتل عام پر لگاکر غریبوں سے جینے کاحق چھیننے کی کوشش کی گئی ہے جو نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں کی عوام دشمنی کی ایک ناقابل معافی اقدام ہے انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے اس علاقہ میں کونسا سپورٹ کیاہے کونسے بڑے منصوبے شروع کئے ہیں۔
کونسی انڈسٹریز لگائے ہیں،کونسی معاشی سرگرمیاں شروع کی ہیں، صوبائی حکومت نے بے روزگاروں کوکونسی ملازمتیں دی ہیں کہ اب عوام اپنے طورپر زندگی داؤ پرلگاکر پرخطر راستوں کے ذریعے چھوٹے پیمانے پر ڈیزل وپٹرول لاتے ہیں جس سے ان کی زندگی کاپہیہ چل رہاہے یہ بھی اس نااہل اور عوام دشمن حکومت کوہضم نہیں ہورہی ہے۔
اور ایف سی کے ذریعے لاکھوں لوگوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کررہی ہے مگرنااہل وسلیکٹڈ نمائندے چھپ کا روزہ رکھ کر سب کچھ خاموشی سے دیکھ رہے ہیں مگرنیشنل پارٹی اس عوام دشمن اقدام کے خلاف احتجاج کا راستہ اختیارکرے گی ۔
اورکسی نااہل وسلیکٹڈ کو یہ حق نہیں دی جائے گی کہ وہ عوام کامعاشی قتل عام کرے، انہوں نے کہاکہ موجودہ نااہل وناکام حکومت عوام پر حق حکمرانی کھوچکی ہے وہ ایسے غریب دشمن اقدام کے بجائے عزت کے ساتھ مستعفی ہوکرگھرچلا جائے۔