|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2020

ڈیرہ مراد جمالی: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی زیر صدارت محکمہ صحت نصیر آباد  کے ڈویژنل،  ڈسٹرکٹ افسران اور میڈیکل سپریٹنڈنٹس کا جائزہ اجلاس سوموار کے روز یہاں کمشنر آفس ڈیرہ مراد جمالی میں منعقد ہوا اجلاس میں کمشنر نصیر آباد ڈویژن عابد سلیم قریشی ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ علی ناصر بگٹی نے خصوصی طور پر شرکت کی اجلاس میں نصیرآباد ڈویژن کے تمام ضلعی افسران اور میڈیکل سپریٹنڈنٹس نے کارکردگی رپورٹ پیش کی اور درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نصیر آباد ڈویژن سمیت  اندرون بلوچستان سرکاری سطح پر عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ مقامی سطح پر ہیلتھ کئیر فیسلیٹیز کو معیاری قابل اعتماد اور عام آدمی کی پہنچ تک لانے کے لئے مقامی طبی اداروں کو  مالی اور انتظامی طور پربااختیار بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کا درست استعمال اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز میں ضلعی کوٹے پر منتخب ہونے والے ڈاکٹرز کو تعلیمی سلسلے کے بعد طبی خدمات کے لئے اپنے علاقوں کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ اندرون بلوچستان عوام کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے دیکھا گیا ہے ڈاکٹرز کی اکثریت صوبائی دارلحکومت میں ڈیوٹی کو ترجیح دیتی ہے۔

اور اندرون بلوچستان تعیناتی کے فورا بعد  کوئٹہ  تبادلے کے لئے کوششیں شروع کر دی جاتی ہیں اس ضمن میں اب ٹرانسفر پوسٹنگ کے لئے ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کسی بھی قسم کے دباو یا مصلحت سے بالا تر ہو کر میرٹ پر فیصلے کرے گی انہوں نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر موجود اسپتالوں میں معیاری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرکے صوبے کے ٹرشری کئیر ہاسپیٹلز پر مریضوں کا دباؤ کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر کولڈ چین اسٹوریج کو موثر بنانا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ روٹین ویکسینیشن کے ساتھ اب کوویڈ ویکسینیشن کی اسٹوریج کے لئے بھی فوری اقدامات ناگزیر ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں ماہرین طب اور ڈاکٹرز کی کمی کو دور کرنے کے لئے کنٹریکٹ پر بھرتی کا سلسلہ جاری ہے اور اس عمل کے بعد ڈاکٹرز کی کمی کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر نصیر آباد ڈویژن عابد سلیم قریشی صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے پوری توجہ سے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی معاونت کررہے ہیں اور ہم ان کی خدمات کے معترف ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کیویژن کے مطابق غریب عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے ہم سب کو پوری تندہی اور محنت سے کام کرنا ہوگا۔

اور نمایاں بہتری کے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانی ہونگی انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں پرائمری سطح پر مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی جانب سے ایک ہی قسم کی متوازی سروسز کو یکجا کرکے بہتر نتائج کے حصول کے لئے باضابطہ طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ چند سال قبل سیلابی آفت سے تباہی کا شکار ہونے والے طبی اداروں کی بحالی کے لئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کو جامع سفارشات پیش کی جائیں گی ۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ نصیر آباد میں ہیپاٹائٹس کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر انسداد ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت علاج معالجے اور شعوری آگاہی کے لئے نصیر آباد کو بطور ماڈل ڈسٹرکٹ منتخب کیا گیا ہے جس کے بعد صوبے کے دیگر اضلاع میں یہ دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔