گوادر: مشیرفشریز بلوچستان حاجی اکبرآسکانی نے کہا ہے کہ غیرقانونی ٹرالنگ میں ملوث محکمہ فشریز کے 14افسران کو فارغ کردیا گیا ہمیں مقامی ماہی گیروں کے مفادات عزیز ہیں 12ناٹیکل میل کے اندر جو بھی ٹرالرآئے گا اسے پکڑھ لیا جائے گا۔
بین الاقوامی سمندری حدود میں کسی بھی ٹرالر کے خلاف کاروائی نہیں کرسکتے انہوں نے کہا کہ سمندر بڑا ہے محکمہ فشریز ہر طرف نہیں پہنچ سکتی لیکن ہم اپنے محدود وسائل پر غیرقانونی ٹرالنگ کو روکنے کے لیے کوشاں ہیں ،حالانکہ اس دوران محکمہ فشریز کے اہلکاروں پر بھی حملے کیے گئے انھیں زخمی کیاگیا لیکن اہلکار ابھی بھی ہمت نہیں ہارے ہیں انہوں نے کہاکہ گوادر کے مقامی ماہی گیروں اور یہاں پر ٹرالرلنگ کی روک تھام کے لیے مقامی افسران کو تعینات کیاگیا ہے۔
اگر گوادر کے ماہی گیر سمجھتے ہیں کہ یہ افسران بھی صحیح کام نہیں کررہے ہیں تو ہم انھیں بھی فارغ کرینگے انہوں نے کہا کہ غیرقانونی ٹرالنگ پر ہمیشہ سیاست کی گئی ہے لیکن ہم حقیقی معنوں میں کام کررہے ہیں گرین بوٹ کا پروگرام مکمل تھا اور ہم گزشتہ 25 تاریخ کو پسنی گوادر اورماڈہ کے ماہی گیروں کو بوٹ دینے کا پروگرام تھا لیکن ڈی جی فشریز کے مسلئے کی وجہ سے یہ پروگرام نہ ہوسکا،انہوں نے کہا کہ غیرقانونی ٹرالنگ کے روک تھام کے لیے پالیسی بنارہے ہیں۔