|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی جدو جہد کو اصل مقصدملک میں جمہوریت کا استحکام اور قانون کی بالادستی ہے ، سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی گرفتاریاں سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں،آج پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں جو فیصلے ہوں گے ان پر من و عن عمل درآمد کیاجائے گا۔

13جنوری کو لو را لا ئی میں ہو نے والے جلسے میں عوام بھرپور شرکت کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے یہ ملک کی ایک بڑی سیاسی و مذہبی قوت ہے پی ڈی ایم میں شامل جما عتوں نے پی ڈی ایم کی صدارت کے لئے جمعیت کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے سپرد کی ہے۔

13جنوری کو لورالائی میں حکومت مخالف جلسہ ہوگا جس میں پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین شرکت کریں گے یہ جلسہ حکمرانوں کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ۔ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے نو جوانوں پر روزگار کے دروازے بند کئے جارہے ہیںہم حکومت کے ناروا سلوک پر خاموش نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس آج لاہور میںہوگا ۔

جس میں جو بھی فیصلے ہوں گے ان پر من و عن عمل در آمد کیا جا ئے گا ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم کے تمام فیصلے با ہمی مشاورت سے ہورہے ہیں سلیکٹڈ حکمران ملک کے 3مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کا پاسپورٹ منسوخ کرکے دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں ۔

قوم نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں کی گرفتاریاں سمجھ سے بالاتر ہیں ۔ احتساب کا ادارہ چینی اور آٹا مافیا کے خلاف بھی کارروائی کرے جنہوں نے ملک و قوم کو نقصان کو پہنچایا ہے مگر بدقسمتی سے حکمران ایسا ڈرامہ رچار کر سیاسی ساکھ بچانا چاہتے ہیں ۔