گوادر: ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی کو اسمبلی میں گوادر کے عوام کا موقف دوٹوک اور دلیرانہ انداز میں پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سول سوسائٹی گوادر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔
سول سوسائٹی نے کہا ہے کہ باڑ کا منصوبہ عوام کو اعتماد میں نہ لیکر شروع کیا گیا ہے۔ لیکن ایم پی اے گوادر نے بلوچستان اسمبلی کے گزشتہ روز کے سیشن میں جس طریقے سے باڑ منصوبے کے حوالے سے عوام کی ترجمانی کی ہے وہ قابل ستائش ہے کیونکہ باڑ کا منصوبہ شہریوں کی بنیادی حقوق کو سلب کرنے کے زمرے میں آتا ہے جس کی تشریح ملک کے دستور میں بھی موجود ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے روز اول سے ایسے منصوبے بنائے جارہے ہیں جو عوام کے مفاد میں نہیں جس کی واضح مثال باڑ کا منصوبہ ہے، باڑ کا منصوبہ عوام کے سماجی اور خونی رشتوں کے درمیان لکیر کھینچنے اور ان کو تقسیم کے مترادف عمل ہے ۔
جس کو گوادر کا گرینڈ عوامی جرگہ بھی مسترد کر چکا ہے۔ ایم پی اے گوادر نے اسمبلی فلور پر اس اہم مسئلہ کو اٹھاکر عوام کی ترجمانی کی ہے اور عوام کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کرکے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے جس کے لئے ایم پی اے گوادر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔