حب: صوبائی سیکریٹری محنت و افرادی قوت سائرہ عطاء بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ٹیکنکل ایجوکیشن سمیت لوگوں کو ہنر مند بنانے کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک جرمن ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر حب کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ان کو ادارے میں زیر تربیت نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ہنر مند بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارے نے اپنے قیام سے لیکر ابتک ہزاروں نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کی جسکی بدولت آج وہ مختلف صنعتوں میں برسر روزگار ہونے کیساتھ صنعتی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کررہے ہیں اس موقع پر سیکریٹری لیبر نے پاک جرمن ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کے مختلف شعبوں اور ورکشاپس کا معائنہ کیا۔
سیکریٹری لیبر نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال صوبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں اسپیشل اکنامک زونز کے قیام سے اور یہاں کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے منصوبے کی منظوری دیدی گئی ہے یورپی یونین کے تعاون سے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت پاک جرمن ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کی اپ گریڈیشن کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی گئی ہے۔جبکہ بلڈنگز کی مرمت کیساتھ نئے ورکشاپ بھی قائم کئے جائیں گے ۔
انہوں نے لسبیلہ میں قائم اہم صنعتی اداروں کے احکام سے بھی سے اجلاس کی تاکہ یہا ں سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوں کو صنعتی اداروں میں موقع فراہم کیا جاسکے۔ سیکریٹری نے انڈسٹریل زون میں واقع سوشل سیکیورٹی ہسپتال کا دورہ کیا مسائل سے آگہی حاصل کی انہوں نے ہسپتال میں محنت کشوں کو طبی سہولیات فراہمی کے حوالے سے قائم پچاس بیڈ کے ہسپتال کے لیبارٹری و ایکسرے روم کادورہ بھی کیا۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہو ئے ہدایات جاری کیں کہ اخراجات میں کمی کی جائے ،محنت کشوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ،سیکریٹری لیبر نے ہسپتال اسٹاف کی حاضریاں یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک مشین نصب کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔