|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2021

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی سربراہ صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے سانحہ مچھ پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ پشتون معاشرے میں ایسے مظالم کی قطعا اجازت نہیں، مچھ میرا حلقہ انتخاب ہزارہ برادری سے تعلق ووٹ کی حد تک نہیں ہم بھائی چارے ایک دوسرے کے غم اور خوشی میں شریک ہوتے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے انہوں نے کہا کہ مچھ میرا حلقے انتخاب جہاں موجود ہزارہ برادری کے ساتھ ہمارا تعلق خوشی اور غم کا ہے صرف ووٹ کی حد تک نہیں ہم ہمیشہ ان کے غم اور خوشی میں شریک ہوتے رہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بلوچ معاشرے میں ایسے ظلم کی مثال نہیں ملتی اور نا ہی بلوچ کبھی بھی اپنے دشمن کو اس طرح بے دردی سے ذبح کرتا ہے نہ ہی بلوچ پشتون معاشرے ایسے کسی ظلم کی اجازت دیتا ہیان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ہولناک واقعات کی روک تھام کیلئے بروقت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ہمیں ایسے سانحات کا سامنا نہ کرنا پڑے سردار یار محمد رند نے مطالبہ کیا کہ سانحہ مچھ کی تحقیقات کیلئے فوری طور پر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔

جے آئی ٹی میں عدلیہ ، سیکیورٹی ایجنسز اور منتخب نمائندوں کو شامل کیا جائے اور جلد سے جلد جے آئی ٹی کی تاریخ رکھی جائیں اور اس پہلو پر انکوائری ہونی چاہیے کہ واقعے میں کہاں پر کوتاہی ہوئی ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے پر مجھے دلی افسوس ہوا ہے اور غم کی اس گھڑی میں ہزارہ برادری کے ساتھ ہیں۔