|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2021

دکی: ڈپٹی کمشنر عظیم کاکڑ کے زیر صدارت مائنز میں رونما ہونے والے حادثات کے روک تھام کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مائنز انسپکٹر رشید شاہوانی،مائنز لیبر انسپکٹر عظیم ترین،مائنز انسپکٹر عبدالرشید کاکڑ،مائنز ریکسیو انسٹرکٹر صابر شاہ کاکڑ اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عظیم کاکڑ نے کہا کہ کوئلہ کانوں میں حادثات کی روک تھام اور مزدوروں کی حفاظت کے لئے متعدد اجلاسوں کے بعد دس جنوری تک پیٹی ٹھیکداران اور کول مائنز اونرز کو حفاظتی سامان یقینی بنانے کے لئے ڈیڈ لائن دی ہے مقررہ تاریخ کے بعد غفلت برتنے والے مائنز آفیسران،پیٹی ٹھیکداران اور کول مائنز اونر کے خلاف حادثے کی صورت میں ایف آئی آر درج کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدور کوئی کیڑے مکوڑے نہیں جنکے ورثا آئے روز جنازے اٹھا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عظیم کاکڑ اجلاس میں مائنز آفیسران پر برہم ہوگئے انہوں نے کہا کہ ابتک مائنز منیجروں کو ٹریننگ نہ دینا کوتاہی اور غفلت ہے مائنز حکام اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں بہت ہوگیا اب کسی کی غفلت برداشت نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ مائنز کے ساتھ پچاس ملازمین کام کررہے ہیں مگر وہ کئی سالوں سے غیر حاضر ہیں محکمہ ہمیں انکی رپورٹ دیں ہم تنخوائیں کاٹیں گے جس پر مائنز انسپکٹر رشید شاہوانی نے انہیں بتایا کہ چھ غیر حاضر ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے دیگر ڈیوٹی نہ کرنے والے ملازمین کی لسٹیں مرتب کرکے ڈی سی آفس اور ڈائریکٹر مائنز کو بھیجی جائیگی۔