اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن گروپ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اگر پی ڈی ایم رہنمائوں کے خلاف انتقامی کاروائیاں بند نہ کی گئی تو جی ایچ کیو کے سامنے دھرنا دینے سے دریغ نہیں کریں گے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کو التوا میں ڈالنے کے خلاف 19جنوری کو پی ڈی ایم کی جماعتیں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گی ،بنوں میں 6جنوری کو عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔
اور بی ڈی ایم کے رہنما جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔سوموار کے روز جے یو آئی ضلع اسلام آباد کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ جے یو آئی اسلام آباد کے اجلاس کا مقصد 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے فارن فنڈنگ کیس کو التوا کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنا اوراس مظاہرے کو کامیاب بنانے اور حکمت عملی وضع کرنے کے لیے مشاورت کی گئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا اوراس احتجاج کو کامیاب بنانے کے لئے جے یو آئی ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی انہوں نے کہاکہ اسلام آباد سمیت 5 فروری کو کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہونگے اورپی ڈی ایم جماعتوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مل کر یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں نے بغیر کسی جھگڑے کے کشمیر کو بھارت کے حوالے کردیا عمران خان کی بات مودی کی جیت اور 3 حصوں میں کشمیر کو تقسیم کرنے کا فارمولا سب کے سامنے ہے انہوں نے کہاکہ 6 جنوری کو بنوں میں بڑی ریلی کا انعقاد کیا جائیگا اور اس ریلی کے بعد پی ڈی ایم کے رہنما وسپورٹس کمپلیکس بنوں میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ جے یوآئی کے رہنما مفتی کفایت اللہ کے گھر چھاپہ مار کر ان کے چھوٹے بیٹے سمیت گھر کے دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اس موقع پر ریاست مدینہ کے دعویداروں نے چادر اور چار دیواری کو پامال کردیا ہے انہوںنے کہاکہ حکومت کہتی ہے کہ مفتی کفایت اللہ نے ریٹائرڈ فوجی افسران کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے حالانکہ خود عمران خان نے حاضر سروس افسران کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں ایک نہتے طالب علم کو نشانہ بنا دیا گیا، یہ بھی عمران حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے ایک نہتے طالب علم پر 22 فائر کھول دیئے گیے مگر پھر بھی آپ امن کے دعویدار ہیں انہوں نے کہاکہ مچھ میں انتہائی افسوسناک سانحہ ہوا ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اسی طرح وندر میں راہ چلتے لوگوں پر حملہ کیا گیا اور اس حملے میں کئی لوگوں کی شہادتوں اور زخمیوں کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نیب انصاف اور احتساب کا ادارہ نہیں بلکہ انتقامی ادارہ بن چکا ہے، اپنی بات پر قائم ہوںانہوں نے کہاکہ اگر نا انصافیون کا خاتمہ نہ ہوا تو شائد ہم جی ایچ کیو کی طرف رخ کریںہم سمجھتے ہیں ان انتقامی کارروائیوں کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ ہے انہوں نے کہاکہ اب تک کے پی ڈی ایم کے فیصلے اتفاق رائے سے ہوئے ہیں ہم پنڈی اسلام آباد سے دور نہیں ہے۔
ایک ہی لخت میں پہنچا جاسکتا ہے انہوں نے کہاکہ جے یو آئی کا اصولی موقف ہے کہ جس سرزمین پر یہودی یا اسرائیلی آباد ہیں وہ یہودیوں یا اسرائیلیوں کی سرزمین نہیں ہے اسرائیل کو جو مرضی تسلیم کرلے۔
اس کی متنازعہ حیثیت ختم نہیں ہوسکتی ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اگر ادارے ہم پر حملہ نہ کریں تو کوئی اور نہیں کرسکتا ہے پہلے ہم 15 لاکھ افراد لیکر اسلام آباد لائے تھے اب ہم 25 لاکھ لوگ لیکر اسلام آباد آئینگے۔