|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2021

کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ملک اور صوبے میں معاشی نظام کو مزید مستحکم بنانے میں تاجروں اور صنعتکاروں کا کلیدی کردار ہے. صنعت وتجارت سے وابستہ افراد معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے، مثبت قومی تشخص کو اجاگر کرنے اور مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔

گورنر یاسین زئی نے کہا کہ موجودہ حکومت بین الاقوامی اور قومی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے تمام ضروری سہولیات اور مکمل تحفظ فراہم کرنے کی سنجیدہ کاوشیں کررہی ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین خواجہ محمد شفیق کی قیادت میں تاجروں اور صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا کی قیادت میں محمد عمران ترین، محمدصدیق عمرانی شیخ محمد طاہر، میر محمد رحیم بنگلزئی، سید حیدرآغا، نعمت خان ترین، محمد یونس، حکیم طاہر خان، محمد عاصم اور ملک طاھر ڈوگر بھی موجود تھے۔

گورنر یاسین زئی نے کہا کہ معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے امن بنیادی شرط ہے. وفد نے اپنی درپیش مشکلات سے گورنر کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ شہید تاجر اللہ داد ترین کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے. گورنر بلوچستان یاسین زئی نے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کے تاجروں کو درپیش مسائل ومشکلات کا ہمیں احساس ہے۔

کروناوائرس کی وجہ سے کاروباری اور تجارتی مراکز کی بندش سے زندگی کے تمام شعبے بالخصوص تاجر برادری بہت متاثر ہوچکی ہے تاہم حکومت تمام تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کی بحالی اور معاشی استحکام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔